Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر ایمبولینس پاکستان پہنچ گئی، عمر شریف کو امریکہ لے جانے میں تاخیر

اتوار کو ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر خاصا کم ہوگیا تھا۔ فائل فوٹو: فیس بک ریما خان
معروف اداکار عمر شریف کی علاج کی غرض سے امریکہ روانگی ان کی طبیعت کے اچانک بگڑنے کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اور انہیں دو دن کے لیے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب عمر شریف کو امریکہ لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ہے۔
امریکہ میں ان کے علاج کے انتظامات کرنے والے ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق اتوار کو ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر خاصا کم ہو گیا تھا جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا تھا کہ عمر شریف کو 48 گھنٹے تک زیرنگرانی رکھا جائے گا، پہلے ان کی طبیعت بہتر ہو جائے پھر ہی ان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 27 اور 28 ستمبر کی درمیانی رات عمر شریف کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کی غرض سے کراچی سے امریکہ منتقل کیا جانا تھا۔
سٹیج اور ٹی وی کے نامور کامیڈین عمر شریف کے بیٹے نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ان کے والد کو علاج کے لیے امریکہ جانا ہے جس کے لیے انہیں مدد درکار ہے۔
عمر شریف کے بیٹے کی اپیل سامنے آنے کے بعد سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے عمر شریف کے علاج کرانے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: