Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

بابر اعظم نے 63 گیندوں پر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 105 رنز بنائے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پاکستانی بیٹنگ لائن کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے بابر اعظم نے قومی ٹی 20 کپ کے دوران سینچری اننگز کھیلی تو مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں یہ ان کی چھٹی سینچری تھی۔
سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے بابر اعظم کی جانب سے ناردرن کی ٹیم کے خلاف بنائی گئی سینچری 2019 کے بعد سے ٹی 20 فارمیٹ میں ان کی چھٹی سینچری اننگز ہے۔ یہ بیٹنگ ریکارڈ اس لیے بھی قابل ذکر ہے کہ اس عرصے میں کسی اور پاکستانی بیٹسمین کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں دو سینچریاں بھی نہیں بنائی گئی ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ میں سینچری بنانے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پانچ، پانچ جب کہ خرم منظور نے چار، مختار احمد اور شرجیل خان نے تین تین سینچریاں بنا رکھی ہیں۔
ٹی 20 فارمیٹ میں چھٹی سنچری اننگز کھیلنے والے بابر اعظم نے میچ میں 63 گیندیں کھیل کر 105 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اننگز میں 11 چو کے اور تین چھکے شامل تھے۔
بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کے تسلسل پر گفتگو کرنے والے افراد نے سوشل ٹائم لائنز پر پاکستانی کپتان کو سراہا تو ان کے ریکارڈ کا دیگر انٹرنیشنل پلیئرز سے موازنہ بھی کیا گیا۔
اپنی حالیہ اننگز کے بعد بابر اعظم نے پانچ ٹی ٹوئنٹی سینچریوں والے انڈین کپتان وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جب کہ شین واٹسن اور روہت شرما کے برابر آ گئے ہیں، آسٹریلوی اور انڈین کرکٹرز بھی ٹی 20 کرکٹ میں چھ سینچریاں بنا چکے ہیں۔
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کے گزشتہ تین برسوں کا جائزہ لیا جائے تو سب سے زیادہ سینچریوں کی فہرست میں بابر اعظم باقیوں سے کہیں آگے ہیں۔ مظہر ارشد نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں بابر اعظم کی چھٹی سینچری کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ڈیوڈ ملن اور ایلکس ہیلز نے تین، تین سینچریاں کر رکھی ہیں۔

20112 میں ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے بابر اعظم نے کیریئر کے ابتدائی آٹھ برس کسی سینچری کے بغیر گزارے تاہم 2019 سے اب تک کے تین برسوں میں وہ چھ مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔
بابر اعظم نے لیسسٹر شائر، سندھ، ہمپشائر، گلیمورگن، جنوبی افریقہ اور ناردرن کی ٹیموں کے خلاف اپنی سینچریز بنائی ہیں۔
بابر اعظم کی جانب سے حالیہ سینچری اننگز ایک ایسے وقت میں کھیلی گئی ہے جب ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی ’ٹرافی ٹور‘ کے سلسلے میں جمعرات کو پاکستان پہنچی ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹی 20 ٹیم مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مراحل میں ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے دوروں کی منسوخی نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کی کوششوں کا متاثر کیا ہے جس کے بعد قومی سکواڈ کے بیشتر کھلاڑی نیشنل ٹی 20 کپ میں مختلف علاقائی ٹیموں کا حصہ بن کر کھیل رہے ہیں۔

شیئر: