Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی کالعدم

تحریک لبیک نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی ہائی کورٹ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی ختم کر دی ہے۔
ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے جمعے کو اس مقدمے کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف تھا کہ جماعت مکمل مذہبی جماعت ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں پر فرانس کے سفیر کو ملک بدر نہ کرنے پر اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد حکومت نے سیاسی بنیادوں پر درجنوں رہنماؤں کو گرفتار کر لیا اور نقص امن عامہ کے تحت نظر بند کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 3 ماہ نظر بندی کے بعد درخواست گزار کو لاہور ہائی کورٹ کے ریویو بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا مگر ریویو بورڈ نے نظر بندی میں توسیع نہیں کی، جس کے بعد دوبارہ درخواست گزار کو 3 ایم پی او کے تحت 3 ماہ کے لیے نظر بند کر دیا گیا ہے، لہٰذا عدالت مولانا سعد رضوی کی نظر بندی کالعدم قرار دے۔
سرکاری وکلا نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوٸے مسترد کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلاٸل کے بعد فیصلہ سناتے ہوٸے نظر بندی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

شیئر: