Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان کا زور ٹوٹ گیا، سعودی عرب بھی جزوی طور پر متاثر

’آج سے دو دن تک سمندری طوفان شاہین کے باعث صحرائے ربع الخالی میں تیز بارش ہوگی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
عمان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد سمندری طوفان شاہین کا زور ٹوٹ گیا تاہم اس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز بارش جاری ہے۔
عمانی نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب سمندری طوفان المصنعہ اور السویق کی خشکی سے ٹکرایا تھا۔
عمانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’ طوفان کا زور ٹوٹنے کے بعد الباطنہ کے شمالی اور جنوبی صوبے میں تیز ہوا جاری ہے جس کی رفتار 45 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی‘۔
’تیز بارش کی وجہ سے سیلابی ریلوں کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بارش کا سلسلہ الظاہرہ اور البریمی تک پھیلا ہوا ہے جہاں 100 ملی میٹر سے300 ملی میٹر تک کی بارش ہے‘۔
’پوری ساحلی پٹی میں تیز ہوا چلتی رہے گی جبکہ موجیں 3 سے 4 میٹر اونچی اٹھیں گی‘۔
دوسری طرف سعودی ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ ’آج سے دو دن تک سمندری طوفان شاہین کے باعث صحرائے ربع الخالی میں تیز بارش ہوگی‘۔
’سمندری طوفان کی لہریں جنوب اور مشرق کی طرف بڑھتے ہوئے امارات کو بھی متاثر کریں گے‘۔
دریں اثنا سعودی ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’سمندری طوفان کے مابعد اثرات سے جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی علاقے جزوی طور پر متاثر ہوں گے جہاں موسلادھار بارش ہوگی‘۔

شیئر: