Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گوشت خور افراد مجھ سے بحث کرنے کی کوشش مت کریں‘

انوشکا شرما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ساتھ ’جیو اور جینے دو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے گذشتہ کچھ سالوں سے اپنا لائف سٹائل تبدیل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سبزیوں کو اپنی خوراک می شامل کیا ہے جس کے بعد وہ دوسروں کو بھی صحت مند رہنے کے لیے سبزیوں کے فوائد سے آگاہ کرتی نظر آتی رہی ہیں۔
بدھ کو انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سبزیاں کھانے کے فوائد پر مبنی ایک کتاب کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گوشت خور افراد براہ مہربانی اسے پڑھیے اور میرے سبزی خور ہونے کے لائف سٹائل پر مجھ سے بحث کرنے کی کوشش مت کیجیے گا۔‘
انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ ’جیو اور جینے دو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
انوشکا شرما نے اپنے شوہر وراٹ کوہلی کے ساتھ کافی وقت برطانیہ میں گزارا ہے جہاں وہ دونوں ’ویگن‘ ریستوران میں اپنے کھانے کی تصاویر بھی شیئر کرتے تھے جو ان کے بقول ’سب سے بہترین ویگن فوڈ‘ تھا۔
انوشکا شرما اکثر جانوروں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے حوالے سے بات کرتی بھی نظر آتی ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق گذشتہ سال وراٹ کوہلی نے کتوں کے لیے دو پناہ گاہیں قائم کی تھیں جس کے لیے انہوں نے اپنی اہلیہ انوشکا شرما کا شکریہ ادا کیا تھا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’جانوروں کے تحفظ کا خیال رکھنا ایک ایسا مقصد ہے جو اب  دل کے بڑے قریب ہے کیونکہ انوشکا اس معاملے میں بے حد پُرجوش ہیں۔ ان کا انڈیا میں بھٹکے ہوئے آوارہ جانوروں کی مدد کا وژن میرے لیے حقیقی معنوں میں متاثر کُن ہے اور جب سے میں ان سے ملا ہوں میں نے جانوروں کے حقوق کو مزید سمجھنے کی کوشش کی ہے۔‘
گوشت نہ کھانے والے افراد کے لیے انگریزی میں دو اصطلاحات رائج ہیں: ’ویجیٹیرین‘ یعنی سبزی خور اور ’ویگن۔‘
ویجیٹیرین وہ ہوتے ہیں جو گوشت تو نہیں کھاتے لیکن انڈے، دیسی گھی اور دودھ استعمال کر لیتے ہیں۔ دوسری طرف ویگن کٹر سبزی خور ہوتے ہیں اور جانوروں سے حاصل کردہ ہر چیز بشمول انڈے، گھی، دودھ، حتیٰ کہ شہد تک سے پرہیز کرتے ہیں۔

شیئر: