Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’افغانستان سے ملحقہ تمام سرحدوں پر آن لائن ویزہ شروع کیا جائے گا‘

وفاقی وزیر کے مطابق آن ارائیول ویزہ کا نظام افغانستان سے ملحقہ تمام سرحدوں پر شروع کیا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’طورخم اور چمن کے علاوہ افغانستان سے ملحقہ باقی پانچ سرحدوں پر بھی آمدورفت کا جدید بائیو میٹرک نظام اور آئن لائن ویزہ شروع کیا جائے گا۔‘
بدھ کو نیشنل ایکشن پلان کے جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’افغانستان کے لیے آن لائن ویزے کا اجرا جلد کیا جا رہا ہے۔‘
’وزیراعظم کی ہدایت پر پرمٹ اور دیگر معاملات کے حوالے سے شکایات 10 دن میں حل کریں گے، آن لائن انٹری اور آن ارائیول ویزہ کا نظام افغانستان سے ملحقہ تمام سرحدوں پر شروع کریں گے۔‘
سرحدوں پر آمد و رفت کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پہلے اس ملک میں کوئی ریکارڈ نہیں تھا کہ سرحدوں پر کیا آمد و رفت ہو رہی ہے، ہزاروں لوگ ویزہ لے کر آئے اور لاپتہ ہو گئے، ہم انہیں ایمنسٹی دینے جا رہے ہیں کہ وہ درخواست دیں اور ملک سے نکل جائیں ورنہ کارروائی ہوگی۔‘
افغانستان کی مدد کرنے کے بارے میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’ان (افغانستان) کی تکلیف ہماری تکلیف ہے لیکن ان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ دنیا کے ساتھ مل کر کریں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم مفاہمت کے قائل ہیں لیکن ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، خطے میں 20 سال بعد بڑے تبدیلی آئی ہے، دشمن ہماری سرحدوں پر خلفشار چاہتا ہے۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طرف سے ملکی اداروں پر تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج اور ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں۔ ’ان پر تنقید سے اقتدار کے بھوکوں کو کچھ نہیں ملے گا، یہ اپنا ہی نقصان کریں گے۔‘

شیخ رشید کے مطابق افغانوں کو اینمسٹی دی جائے گی کہ درخواست دے کر ملک سے نکل جائیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ ’بھتیجی چچا کے لیے راستہ نہیں نکالنا چاہتی، کمپنی کی مشہوری کے لیے اداروں کو نشانہ بنانے کی روش پر گامزن ہیں۔ ساری دنیا میں ہمارے اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت کا اعتراف کیا جاتا ہے، جس طرح کی سخت تنقید اداروں پر کی جا رہی ہے یہ اس ملک میں آزادی اظہار کی صورتحال کو واضح کرتی ہے۔‘
نواز شریف کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف کی سیاست دم توڑ چکی ہے، اگر وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو درخواست دیں، انہیں 24 گھنٹے میں پاسپورٹ جاری کر دیں گے لیکن سیاسی گند نہ ڈالیں کیونکہ اس کی چھینٹیں ان پر ہی پڑیں گی۔‘

شیئر: