Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ میں 3 تبدیلیاں، سرفراز احمد، فخر زمان اور حیدر علی شامل

رواں برس متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے تصدیق کی ہے کہ ’آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئی ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جمعے کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اعظم خان اور محمد حسنین کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد اور حیدر علی کوپندرہ رکنی قومی اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ ٹریول ریزرو میں موجود فخر زمان کو خوشدل شاہ سے تبدیل کرکے پندرہ رکنی سکواڈ کاحصہ بنالیا گیا ہے۔
صہیب مقصود کو سکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ میڈیکل ایڈوائس پر کیا جائے گا۔ ٹاپ آرڈر بیٹر کی لوئر بیک کا ایم آر آئی سکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم (کپتان) شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (متبادل وکٹ کیپر) شاہین شاہ آفریدی، اور صہیب مقصود۔
ریزرو کھلاڑی
ریزرو کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کو رکھا گیا ہے۔

اس سے قبل سرفراز احمد اور فخر زمان قومی سکواڈ کے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تینوں کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی سکواڈ مزید متوازن ہوگا: محمد وسیم
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا ایک ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ ’انہیں اعظم خان، محمد حسنین اور خوش دل شاہ کی مایوسی کا اندازہ ہے مگر ان تینوں کھلاڑیوں کی جگہ سرفراز احمد، حیدر علی اور فخر زمان نے نیشنل ٹی20 میں بہتر کھیل پیش کیا۔تاہم ابتدائی تینوں کھلاڑی ہمارے مستقبل کے پلانز کا حصہ رہیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’تینوں کھلاڑیوں کی سکواڈ میں شمولیت سے قومی سکواڈ مزید متوازن ہوگا۔‘
سپورٹ سٹاف کے ناموں کا اعلان:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپورٹ سٹاف کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق منصور رانا (ٹیم مینیجر)، ثقلین مشتاق (عبوری ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ہیڈ کوچ) اور میتھیو ہیڈن (بیٹنگ کنسلٹنٹ) ہوں گے۔
ورنن فلینڈر (بولنگ کنسلٹنٹ)، کلف ڈیکن (فزیوتھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (سٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) اور عبدالمجید کو فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

چیف سلیکٹر کے مطابق ’حیدر علی کو قومی ٹی20 چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی پر شامل کیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز کا شیڈول:
24 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ انڈیا، بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، دبئی۔
26 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، بمقام شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، شارجہ۔
29 اکتوبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، دبئی۔
2 نومبر: پاکستان بمقابلہ اے ٹو، بمقام شیخ زاید انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، ابوظبی۔
7 نومبر: پاکستان بمقابلہ بی ون، بمقام شارجہ کرکٹ سٹیڈیم، شارجہ۔
10 نومبر: پہلا سیمی فائنل بمقام شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم، ابوظبی۔
11 نومبر: دوسرا سیمی فائنل بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، دبئی۔
14 نومبر: فائنل بمقام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، دبئی۔

شیئر: