Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پیر کی شام معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس میں میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔
قونصل جنرل خالد مجید، کمیونٹی شخصیات مسعود احمد پوری، سردار اقبال یوسف، خورشید احمد متیال اور ریاض بخاری نے دفاع پاکستان کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں بیس سال قبل ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے وزارت خارجہ میں ہونے والی اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کیا اور بتایا کہ جب دی ہیگ میں پوسٹنگ ہوئی تو وہاں ان لوگوں سے ملاقات ہوئی جو ہالینڈ میں ڈاکٹرعبدالقدیر کی تعلیم کے دوران ان کے ساتھی تھے۔
قونصل جنرل نے مزید کہا کہ’ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات اپنے ملک اور وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘۔

تعزیتی ریفرنس میں نمایاں کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی( فوٹو اردونیوز)

انہوں نے ایٹمی سائنسدان کو ملک کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ’ وہ بے لوث اور سچے پاکستانی تھے۔ بہتر مستقبل اور بہت کچھ چھوڑ کر یورپ سے پاکستان آکر خدمات انجام دیں اور حتی کہ اپنی زندگی کو خطرات میں ڈال کر دن رات کام کیا‘۔
تعزیتی ریفرنس میں ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے ساتھ  آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار سکندر حیات اور معروف کامیڈین عمر شریف کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
معروف شاعر اطہر نفیس عباسی نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ آخر میں دعا پر تعزیتی ریفرنس کا اختتام ہوا۔

شیئر: