Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایکسپو پر شو کرنے والے اینکرز کو تیار کرنے والے لبنانی سٹائلسٹ

رولا کعدی ایم ٹی وی لبنان پر اپنا شو بھی کرتی ہیں۔ فوٹو: رولا کعدی انسٹٓا
لبنان سے تعلق رکھنے والی فیشن سٹائلسٹ رولا کعدی کو دبئی ایکسپو پر ٹیلی ویژن پروگرام کرنے والے اینکرز اور میزبانوں کو تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دبئی ایکسپو کی کوریج کرنے والے پروگرام دبئی ٹی وی، ابو ظہبی ٹی وی اور امارات ٹی وی پر نشر ہوں گے۔
رولا کعدی نے عرب نیوز کو بتایا کہ دبئی ایکسپو سے منسلک ہونا انتہائی چیلنجنگ ہے، انہیں تین شوز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جن کے لیے روزانہ 15 اینکرز کو تیار کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مارننگ شو ہے جبکہ دو شوز شام کے وقت ریکارڈ ہوں گے۔
’یہ بالکل بھی آسان نہیں ہے، لیکن اس میں شامل ہونے پر میں خوش ہوں۔‘
رولا کعدی نے کہا کہ اب تک انہوں نے جو بھی کام کیا اس پر انہیں فخر ہے لیکن ایکسپو 2020 سب سے بڑا چیلنج ہے جس پر وہ بہت زیادہ فخر محسوس کریں گی۔
رولا کعدی سے اماراتی پروڈکشن کمپنی ’سٹوڈیو ویژن دبئی‘ نے رابطہ کیا تھا جس کے بعد وہ چھ ماہ طویل دبئی ایکسپو کے ساتھ منسلک ہو گئی تھیں۔
’جب سٹوڈیو ویژن نے مجھ سے رابطہ کیا تو میں خوفزدہ تھی کیونکہ یہ بہت ہی چیلنجنگ پروجکٹ ہے۔ لیکن یہ خطرہ مول لینے پر میں خوش ہوں۔‘
رولا کعدی ایم ٹی وی لبنان پر اپنے شو کی میزبانی بھی کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ’رولا کعدی کری ایشنز‘ کی بانی بھی ہیں جو ہاتھ سے بنے ہوئے چمڑے کے پرس اور بیگ بیچتے ہیں۔
مختلف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کرتے ہوئے رولا کعدی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ عرب ٹیلنٹ کو بھی اجاگر کریں۔
’مجھے خوشی ہے کہ لبنانی اور عرب ڈیزائنرز اب ہر جگہ پر موجود ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر بھی مقام بنایا ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔‘
رولا کعدی نے ٹیلی ویژن میں کیریئر کا آغاز 12 پہلے کیا تھا۔ 2015 میں انہوں نے ’فیشانسٹا‘ کے نام سے اپنے ٹیلی ویژن شو کا آغاز کیا جس سے انہیں آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع ملے۔
’میں ہر اس چیز کی کوریج کرتی ہوں جس کا تعلق فیشن سے ہو۔ یہ میرا شوق ہے۔ میرے پروگرام نے میرے لیے اور بہت دروازے کھلے جن میں سے ایک ایکسپو 2020 ہے۔‘

شیئر: