Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں اتوار سے کورونا ایس او پیز میں مزید نرمی، کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم

سماجی فاصلے کے ضوابط کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے اتوار 17 اکتوبر سے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اجتماعات کی اجازت دی جائے گی اور کورونا ویکسین کی دونو ں خوراکیں لینے والوں کے لیے ماسک پہننے کی کچھ پابندیاں ختم ہوں گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ کھلے مقامات پر کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کے لیے اب ماسک کی پابندی لازمی نہیں ہوگی تاہم ان بند مقامات میں ماسک کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
بیان میں  کہا گیا کہ ’سماجی فاصلے کے ضوابط کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ، ریستوران، سنیما گھروں اور دیگر اجتماعات میں توکلنا ایپ کی پابندی کے ساتھ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے لوگوں کے لیے پوری گنجائش کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے گی‘۔
وزارت داخلہ  کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں پوری گنجائش کے مطابق زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی۔  ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے زائرین ماسک کی پابندی اورعمرہ ٹریکنگ ایپ استعمال کرتے ہوئے عمرہ ادا کرسکیں گے۔ کارکنوں کو بھی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
’شادی ہالوں میں ہونے والی تقاریب میں اب تعداد کوئی پابندی نہیں ہو گی تاہم اس میں شریک افراد کو ماسک سمیت باقی احتیاطی تداابیر پر عمل کرنا ہوں گی‘۔
ذرائع نے بتایا کہ مملکت کورونا ویکسینیشن کی کامیاب مہم، متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی اور وزارت صحت کی جانب سے جاری سفارشات کی روشی میں کورونا ایس او پیز میں نرمی کی منظوری دی گئی ہے۔

 

شیئر: