Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیٹرول مہنگا: ’سائیکل کتنی ماحول دوست سواری ہے‘

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ٹرینڈز بن گئے۔
عام سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ کاروباری اور سیاسی شخصیات کی جانب سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اکثریت اس فیصلے پر تنقید کرتی نظر آتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔‘
’منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران خان استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔‘
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ’ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟‘
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمنی قرار دیا ہے۔ 
سنیچر کو پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی ٹویٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’صرف ان کی پارٹی ہی عوام کو مہنگائی کی سونامی سے بچا سکتی ہے۔
ٹوئٹر صارف یومنا طارق کا کہنا ہے کہ ’ہم پاکستان میں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔‘

سوشل میڈیا صارف عبدالرحمان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد سائیکل استعمال کرنے پر اکتفا کیا اور لکھتے ہیں کہ ’میں کل ہی سوچ رہا تھا کہ سائیکل کتنی ماحول دوست سواری ہے۔‘

شیئر: