Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ: نئی تاریخ رقم، نمیبیا نے سپر12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

نمیبیا سپر 12 مرحلے میں انڈیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ کے گروپ میں ہوگا۔  (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ میں نمیبیا نے آئرلینڈ کو آٹھ وکٹوں نے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 
جمعے کو شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا 126 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جس میں کپتان گرہارڈ ارسمس کے ناقابل شکست 53 رنز بھی شامل تھے۔ 
میچ کے بعد گرہارڈ ارسمس کا کہنا تھا کہ ’ہمارا ملک چھوٹا سا ہے، بہت کم لوگ کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم خود پر فخر ہونا چاہیے۔‘ 
اس میچ میں کامیابی کے بعد نمیبیا گروپ اے میں سری لنکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ 
اس طرح نمیبیا سپر 12 مرحلے میں انڈیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ کے گروپ میں ہوگا۔ 
نمیبیا کی جانب سے کپتان ارسمس نے 53 اور ڈیوڈ ویزے نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ 
ڈیوڈ ویزے نے 22 رنز کے عوض دو وکٹیں بھی حاصل کیں جس کی بنا پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 
اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو اوپنرز پال سٹرلنگ اور کیون اوبرین نے آئرلینڈ کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ 
ایک موقع پر آئرلینڈ کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 71 تھا تاہم نمیبیا نے عمدہ طریقے سے کم بیک کرتے ہوئے آئرلینڈ کو بڑا ہدف دینے سے روک دیا اور مقررہ 20 اوورز میں آئرلینڈ کی ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا سکی۔ 
اس فتح کے بعد نمیبیا نے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے جوآسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: