Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 19 ایشیا کپ میں فتح، وزیراعظم کا پاکستانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ انعام

انڈیا کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ایک کروڑ روپے فی کھلاڑی انعام کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے ظہرانے کا اہتمام کیا جس وفاقی وزراء، کابینہ اراکین، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی و دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعطم نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں 172 رنز کی اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کو بہترین کارکردگی پر خصوصی طور پر شاباش دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’فائنل میں ٹیم نے جس جوش و جذبے سے میدان میں فائٹ کی اس کی مثال نہیں ملتی، تمام پاکستانیوں کو آپ پر فخر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اُمید ہے یہی ٹیم بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائے گی۔‘
دوسری جانب پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور، مینٹور سرفرازاحمد، کپتان فرحان یوسف، سمیر منہاس اور عبد السبحان نے میڈیا سے بات چیت کے دوران انڈر 19 ایشیاء کپ میں انڈیا کے خلاف کامیابی کو اجتماعی کارکردگی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے کامیابی حاصل کریں گے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ ’17جون سے 70 کھلاڑیوں سے ٹیلینٹ ہنٹ کا سلسلہ شروع کیا، ٹرائل لیے گئے، ہر کھلاڑی کو چار چار میچز دیے گئے، 30 کھلاڑیوں کا پانچ ماہ کیمپ لگایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیاگیا، 10 روز کا آخری کیمپ کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی، وطن سے روانہ ہونے پر صرف ٹرافی جیتنے اور شائقین کرکٹ کا دل جیتنے کا ہدف تھا۔ فیٸر لس کرکٹ کھیلنے کا پلان بنایا تھا۔ یونیٹی اور ڈسپلن کو یقینی بنایا، لڑکوں نے بھرپور محنت کی اور رزلٹ سب کے سامنے ہیں۔‘
انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور سرفرازاحمد کہتے ہیں کہ ’وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، انہوں نے کھلاڑیوں کی تعریف کی، وزیراعظم نے بچوں کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، آنے والے وقت میں نوجوان پلیٸر ملک کا نام روشن کریں گے، جیت پورا ایک پراسس تھا، لڑکوں کو ہی اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’نوجوان کھلاڑی بہت اچھی کرکٹ کھیلے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، انڈر 19 کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف نے محنت کی، احمد حسین کی اننگز سمیر منہاس جتنی ہی اہمیت کی حامل تھی، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹیم گیم دکھائی۔‘
انڈین ٹیم کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’انڈیا کا رویہ کھیل کے حوالے سے بالکل اچھا نہیں تھا، کرکٹ میں انڈین ٹیم کا رویہ غیراخلاقی تھا، ہم نے جیت سپورٹس مین سپرٹ کے ساتھ سیلیبریٹ کی، انڈیا نے جو کیا وہ ان کا ذاتی فعل ہے، کرکٹ میں سپورٹس مین سپرٹ رکھنی چاہیے۔‘
کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ’انڈر 19 ایشیا کپ میں انفرادی پرفارمنس نہیں دے پایا، ورلڈکپ میں انفرادی پرفارمنس دینےکی کوشش کروں گا، مینجمنٹ نے قومی انڈر 19 کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا، مینجمنٹ نے نیچرل گیم کھیلنے کی تجویز دی، کسی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہوا، سب پر اعتماد تھے۔‘

پاکستان نے انڈیا کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا (فوٹو: اے سی سی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جیت ہمارے لیے تھی، انڈیا کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلی، کسی کھلاڑی کا مورال کم نہیں تھا، سوچ رکھا تھا کہ فاٸنل جیتنا ہے، پی سی بی نے جونیئر کرکٹ پر فوکس کر رکھا ہے، وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، چیٸرمین پی سی بی محسن نقوی کی سپورٹ پر ان کے شکرگزار ہیں۔‘
سمیر منہاس کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلی، سوچ رکھا تھا کہ ایک اچھی اننگ کھیلنی ہے، نیچرل کھیل پر توجہ دی، مینجمنٹ نے بہت سپورٹ کیا۔‘ عبد السبحان نے کہا کہ ’مینجمنٹ کے پلان کے مطابق بولنگ کروائی۔‘
واضح رہے کہ اتوار کو پاکستان نے انڈیا کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔
اس سے قبل پاکستان اور انڈیا سنہ 2012 کے ایونٹ میں مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔

شیئر: