Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج پاکستانی ٹیم نے ہمیں پیچھے چھوڑ دیا: وراٹ کوہلی

وراٹ کوہلی نے کہا لائن سے ہٹ کھیلنا پہلے ہاف میں اتنا آسان نہیں تھا جتنا پاکستان کی اننگز میں لگتا تھا۔(فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ ’آج پاکستان نے ہمیں پیچھے چھوڑا ہے، اس لیے کریڈٹ دینا بنتا ہے۔‘
پاکستان کے کپتان بابراعظم نے میچ کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے اپنے منصوبوں کو اچھی طرح سے انجام تک پہنچایا اور ابتدائی وکٹیں ہمارے لیے بہت مددگار ثابت ہوئیں۔ شاہین آفریدی کی وکٹوں نے ہمیں بہت اعتماد دیا۔
’ہم نے کریز میں قدم جمانے کی کوشش کی اور تقریباً آٹھویں اوور سے جب اوس پڑی تو گیند اچھی طرح بلے پر آئی۔‘
انہوں نے کہا ’یہ صرف آغاز ہے، ہمیں اب اعتماد کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ ہمارے ساتھ ہر میچ میں رہے گا۔ ہم پر بہت زیادہ دباؤ نہیں تھا۔‘
’ہم انڈیا کے خلاف ریکارڈ کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہے تھے۔ میں صرف اپنے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا تھا جو اچھی تیاری کر رہے ہیں۔‘
’جب آپ کسی بڑے ورلڈ کپ سے پہلے ٹورنامنٹ کھیلتے ہیں تو اس سے مدد ملتی ہے اور ہمارے کھلاڑی اس کی وجہ سے بہت زیادہ اعتماد کے ساتھ آئے ہیں۔‘

’کھیل میں واپسی مشکل ہوتی ہے جب آپ کو معلوم ہو کہ اوس پڑنے والی ہے‘

دوسری جانب انڈین کپتان وراٹ کوہلی شکست کے باوجود کافی پرسکون دکھائی دیے۔
میچ کے بعد انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ہم وہ نہ کر سکے جو ہم چاہتے تھے لیکن کریڈٹ یقینی طور پر دینا ہو گا۔ انہوں (ٹیم پاکستان) نے آج ہمیں پیچھے چھوڑ دیا۔‘
’جب آپ تین وکٹیں جلدی گنوا دیتے ہیں تو پھر کھیل میں واپس آنا بہت مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر جب آپ کو معلوم ہو کہ اوس پڑنے والی ہے۔‘
’وہ(انڈین) پروفیشنل انداز میں کھلیے لیکن لائن سے ہٹ کھیلنا پہلے ہاف میں اتنا آسان نہیں تھا جتنا پاکستان کی اننگز میں لگتا تھا۔ لہٰذا جب آپ کو معلوم ہو کہ حالات بدل سکتے ہیں تو آپ کو 10-20 اضافی رنز درکار ہوں گے۔‘
’لیکن پاکستان کی جانب سے کچھ معیاری باؤلنگ نے ہماری چلنے نہ دی۔‘
’ہم یقینی طور پر ایسی ٹیم نہیں ہیں جو گھبراہٹ کا شکار ہوں، یہ ٹورنامنٹ کا آغاز ہے اختتام نہیں۔‘

’میرا خیال تھا کہ زیادہ سے زیادہ سوئنگ کروں‘


پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔(فوٹو: اے ایف پی)

پہلے دو اوورز میں انڈیا کی دو وکٹیں گرانے والے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ ’یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے انڈیا کو شکست دی اور میں فخر محسوس کرتا ہوں۔ میں جانتا تھا کہ اگر مجھے ابتدائی وکٹیں ملیں تو اچھا ہو گا اور یہی ہوا۔ میرا خیال تھا کہ زیادہ سے زیادہ سوئنگ کروں۔‘
’میری رائے میں نئی گیند سے کھیلنا مشکل تھا، اس لیے کریڈٹ بابر اور رضوان کو جاتا ہے۔ ورلڈ کپ میں تمام ٹیمیں چیلنجنگ ہیں، ہم اس رفتار کو آگے بڑھانے اور فائنل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔‘

شیئر: