Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور عمران خان کی ملاقات، ماحولیاتی تحفظ کے لیے کوششوں پر بات چیت

سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع  شہزادہ محمد بن سلمان سے پیر کو ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی ہے۔
یہ ملاقات ریاض میں گرین مشرق وسطی سربراہ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ہوئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کاربن کے اخراج میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کی خاطر کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا ہے۔
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز اور وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ شوکت ترین اور سیکریٹری خارجہ سہیل محمود شریک ہوئے۔ 
دوسری جانب پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان  نے سعودی عرب کی ترقی میں خادم الحرمین شریفین کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے سعودی ویژن 2030 کے لیے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے گرین سعودی عرب فورم اور گرین مشرق وسطیٰ سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد دے دی۔

وزیراعظم نے ان انیشیٹیو پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ (فوٹو: فیس بک عمران خان)

انہوں نے کہا کہ سربراہ کانفرس سے موسمیاتی تبدیلی کے چینلنج سے نمٹنے کے لیے سعودی لیڈرشپ کے عزم کا واضح اظہار ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ سربراہ کا انیشی ایٹو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان اور بلین ٹری سونامی کے منصوبوں میں مماثلت ہے۔
وزیراعظم نے ان انیشی ایٹوز پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سعودی عرب کے ساتھ گھرے بردرانہ تعلقات اور پاکستان کی جانب سے ان تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد اور سپورٹ کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بڑھانے پر زور دیا۔
افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کی مشلات کو کم کرنے کے لیے سرگرم اور تعمیری انگیجمنٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے افغانستان میں خراب ہوتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں انسانی بحران اور افغانستان کی معاشی طور پر معاشی گراوٹ کو روکنے کیے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔

دونوں رہنماؤں نے ان چیلینجز سے نمٹنے کے لیے قریبی روابط پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گرین سعودی عرب فورم اور گرین مشرق وسطیٰ سربراہ کانفرنس شروع جاری ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس میں شریک سربراہوں اورعالمی شخصیات کا خیر مقدم کیا ہے۔
 شہزادہ محمد بن سلمان نے کانفرنس کا افتتاح کر تے ہوئے گرین مشرق وسطی سربراہ کانفرنس میں علاقائی مراکز اور پروگراموں کا اعلان کیا۔
کانفرنس سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی خطاب کیا۔ ان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ماحولیاتی مسائل کو سنجیدہ نہ لیا  گیا تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کے دس فیصد ممالک 80 فیصد عالمی آلودگی کے ذمہ دار ہیں۔ ’بدقسمتی سے پاکستان ان دس ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔‘

شیئر: