Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھٹنا ٹیکنے سے انکار، ڈی کوک نے معافی مانگ لی

جنوبی افریقہ کے کرکٹر کونٹن ڈی کاک نے نسلی تعصب کے خلاف اظہار کے طور پر گراؤنڈ میں گھٹنا ٹیکنے سے انکار کرنے کے بعد اب اپنے اس عمل پر معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ ان کو ایسا کرنے پر خوشی ہوگی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے دوران جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو میدان میں گھٹنا ٹیکنے کو کہا تھا جس پر وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک نے ’ذاتی وجوہات‘ کو بنیاد بناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کپتان ٹمبا باووما نے کہا تھا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین اور قومی ٹیم کے سابق کپتان ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر دبئی میں ہونے والے میچز کھیلنے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ 
ڈی کاک نے معافی مانگتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں اپنے ٹیم کے ساتھیوں اور اپنے ملک میں مداحوں سے معذرت کرنا چاہوں گا۔ اگر میرے گھٹنا ٹیکنے سے دوسرے کچھ سیکھتے ہیں اور لوگوں کی زندگی بہتر ہوتی ہے تو مجھے ایسا کرنے پر خوشی ہوگی۔‘ 
جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے آفیشل ہینڈل سے جاری ہونے والے طویل معذرت نامے میں کونٹن ڈی کوک کا کہنا تھا کہ ّوہ ایک مکس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی سوتیلی والدہ سیاہ فام ہیں۔ بلیک لائیوز میٹرز تحریک سے بہت پہلے ہی نسل پرستی کا میری زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مجھے اپنے کسی عمل سے یہ بات ثابت کرنے کی ضرورت کیوں ہے جب کہ میں روزانہ ہر قسم کے لوگوں میں رہتا، ان سے سیکھتا اور محبت کرتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ میدان میں کھلاڑیوں کا گھٹنا ٹیکنا نسل پرستی اور تعصب کے خلاف خاموش احتجاج کی علامت بن چکا ہے۔

شیئر: