برطانیہ کا آخری سات ممالک کو بھی’ریڈ لسٹ‘ سے نکالنے کا فیصلہ
برطانیہ کی حکومت کا ریڈ لسٹ کا زمرہ برقرار رکھی گی تاکہ ضرورت میں مطابق کسی خطے یا ملک کو اس میں شامل کیا جائے۔(فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی حکومت تمام بقیہ ممالک کو اپنی سفری ’ریڈ لسٹ‘ سے نکالنے والی ہے، جس سے غیر ملکیوں کے انگلینڈ جانے پر پابندی ختم کر دی جائے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات برطانیہ کے ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس نے جمعرات کو کہی۔
وزیر نے اعلان کیا کہ فہرست میں شامل باقی سات ممالک کولمبیا، ڈومینیکن ریپبلک، ایکواڈور، ہیٹی، پاناما، پیرو اور وینزویلا کو یکم نومبر کو ریڈ لسٹ سے ہٹا دیا جائے گا۔
ان ممالک سے آنے والے برطانویوں کو اب قرنطینہ ہوٹل میں 11 راتیں گزارنے کی ضرورت نہیں ہو گی اور ان ممالک کے شہریوں کو اب انگلینڈ جانے کی اجازت ہو گی۔
شیپس نے ٹویٹر پر کہا کہ ’ہم صحت عامہ کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر ریڈ لسٹ کے زمرے کو برقرار رکھیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو برطانیہ کی پہلی دفاعی لائن کے طور پر ممالک اور علاقوں کو واپس اس میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 30 سے زائد نئے ممالک اور خطوں سے آنے والے مسافروں کی کورونا ویکسینیشن کو بھی تسلیم کرے گی۔