Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ستاروں کی ایک سال بعد بڑے پردے پر واپسی

فلم ’سوریاونشی‘ کو مارچ 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)
بالی وڈ کے ستارے انڈیا کے بڑے پردے پر تقریباً ایک سال سے زائد کے عرصے کے بعد لوٹ رہے ہیں۔ فلم انڈسٹری کو امید ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور تہواروں کا موسم لوگوں کو سنیما کی طرف واپس لے آئے گا۔
چار بڑے اداکاروں کی کاسٹ کے ساتھ بننے والی فلم ’سوریا ونشی‘ مارچ 2020 کے بعد سنیما میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہے۔ اس وقت لگنے والے سخت لاک ڈاؤن کے تحت تمام تفریحی مقامات اور کاروباری مراکز کو بند کر دیا گیا تھا۔
مارچ 2020 کے بعد مشکل ہی سے کوئی بالی وڈ فلم سنیما میں ریلیز ہوئی تھی۔ ہدایت کار فلموں کو ایمیزون پرائم، نیٹ فلکس اور ڈزنی جیسے سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کرنے کو ترجیح دیتے رہے ہیں۔
فلم ’سوریاونشی‘ بنانے والی کمپنی ریلائنس انڈیا کے سی ای او شیباسیش سرکار نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ فلم کو سنیما میں ریلیز کرنا مشکل تھا، ’تاہم ہمیں پھر بھی یقین ہے کہ سامعین تھیٹرز کی طرف واپس آئیں گے۔ کچھ فلیم ایسی ہیں جنہیں آپ گھر پر نہیں دیکھ سکتے۔‘
’سوریاونشی‘ ڈانس اور ایکشن سے بھرپور بالی وڈ فلم ہے جو کہ دیوالی کے ایک روز بعد جمعے کو ریلیز ہوئی ہے۔ دیوالی کا تہوار انڈیا میں روایتی طور پر باکس آفس کا بڑا دن ہوتا ہے۔
فلم کو مارچ 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم انڈیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث حکام نے ملک کے کئی حصوں پر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا اس وجہ سے سنیما بھی بند کر دیے گئے تھے اور نتیجتاً فلم کی تاریخ تین بار تبدیل کی گئی۔
انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی اور ویکسینیشن کے عمل میں تیزی کے ساتھ ریاست مہاراشٹر نے دو ہفتے قبل ہی پابندیوں کے ساتھ سنیما کھولے ہیں۔ یہ ریاست باکس آفس کی 30 فیصد آمدنی کی ذمہ دار ہے۔
ملک کی دوسری بڑی سنیما چین آئی نوکس میں پروگرامنگ کے سربراہ راجیندر سنگھ جیالا نے روئٹرز کو بتایا کہ انہوں نے امید کی تھی کہ طلب کورونا وائرس سے قبل کی سطح پر پہنچ جائے گی۔

شیئر: