Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اتحادی جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ کو ظہرانے پر مدعو کر رکھا ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیے جانے والے بلز کی باضابطہ منظوری لی گئی جس کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وفاقی کابینہ کو آج کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق بریفنگ دی گئی اور کابینہ نے پانچ امور کے بلز پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی ہے۔‘
بابر اعوان نے بتایا کہ ’پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 11 نومبر کو صبح 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت دیگر انتخابی اصلاحات کا بل پیش کیا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مشترکہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانے کے لیے انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی پیش کیا جائے گا، اس کے علاوہ کلبھوشن یادیو کے حوالے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد سے متلعق بل بھی اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ’قانونی اصلاحات کے حوالے سے مختلف بلز اور ادارہ جاتی اصلاحات کے مختلف بلز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔‘ 
کابینہ کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اتحادی جماعتوں اور ارکان پارلیمنٹ کو ظہرانے پر مدعو کر رکھا ہے جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
’وزیراعظم کی جانب سے ظہرانہ بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں رکھا گیا ہے جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان سے خطاب کریں گے۔‘

شیئر: