Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دنیا جانتی ہے پلیئر کون ہے اور سفارشی ایوارڈ کس کو ملتے ہیں‘

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا کی جیت کے ساتھ اختتام تو ہوگیا لیکن ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
اتوار کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد دبئی میں ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کو دیا گیا۔
مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کرکٹ شائقین سوال اٹھا رہے ہیں کہ ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ' کسے ہونا چاہیے اور اس کا اصل حقدار کون ہے؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ٹویٹ میں کہا کہ ’بابر اعظم کو مین آف دی ٹورنامنٹ دیکھنے کا منتظر تھا، یقینی طور پر غیر منصفانہ فیصلہ ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شیرفین ردرفورڈ مین آف دی ٹورنامنٹ کے فیصلے کو تھکا ہوا فیصلہ قرار دیتے ہیں۔
اس حوالے  سے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’میں حیران ہوں بابر اعظم پلیئر آف دی ٹورنامنٹ نہیں ہیں۔

ٹوئٹر صاف ہنس مسرور مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بابر اعظم کو نہ مِلنے پر سوال کرتے ہیں کہ ’ڈیوڈ وارنر کو کس معیار کے تحت پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا ہے؟ جبکہ بابر اعظم نے سب سے زیادہ سکور ایک اچھے رَن ریٹ کے ساتھ بنائے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل افضال آسٹریلیا کی جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے سوال کرتے ہیں اور بابر اعظم کے سب سے زیادہ رنز کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’ آسٹریلیا T20 ورلڈ کپ جیت گیا، مبارک ہو۔ مگر پلئیر آف دی ٹورنامنٹ بابر اعظم کی بجائے ڈیوڈ وارنر کو کیوں دیا گیا سب سے زیادہ رنز بھی بابر نے بنائے اور ففٹیز بھی؟

ٹوئٹر صارف جواد عمران بابر اعظم کو مین آف دی پلیئر نہ ملنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو مخاطب کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’ آئی سی سی نے بہت زیادتی کی ہے بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں سب سے ذیادہ رنز بنائے ہیں اور مین آف دی ٹورنامنٹ ڈیوڈ وارنر کو دے دیا ہے۔

بابر اعظم کو چیمپیئن قرار دیتے ہوئے مزید لکھتے ہیں کہ ’خیر بابر اعظم ہمارا چیمپیئن ہے ایوارڈ کا کیا ہوتا دنیا جانتی ہے پلئیر کون ہے اور سفارشی ایوارڈ کس کو ملتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ کھلاڑیوں کے سکور کی لسٹ شیئر کرتے ہوئے میاں علی اصغر نے لکھا کہ ’ یہ واضع ہے کہ بابر اعظم ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سب سے زیادہ سکور بنانے والے کھلاڑی ہیں، اور یہ انکا پہلا ورلڈ کپ ہے۔ یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے۔

شیئر: