Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خرطوم میں درجنوں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ

مظاہرین نے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے (فوٹو: اے پی)
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں جمعرات کی صبح  جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرنے والے مظاہرین کو روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دارالحکومت خرطوم کے شمالی علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

مظاہروں میں کم از کم 300 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

شہر کے شمالی علاقوں میں مظاہرین نے گذشتہ رات سے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر کے اپنا احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
گذشتہ ماہ سے سوڈان پر فوجی قبضے کے بعد بغاوت مخالف مظاہروں کے خلاف بدھ کے روز سب سے مہلک اور بہت بڑا  کریک ڈاؤن دیکھا گیا ہے۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والے مظاہروں میں کم از کم 15 مظاہرین ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے زیادہ تر شمالی خرطوم میں ہونے والے مظاہروں میں شامل تھے۔
سوڈان کے کئی شہروں میں سکیورٹی فورسز نے فوجی بغاوت کے خلاف نکالی جانے والی ریلیوں کے مظاہرین پر آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔

خرطوم کے شمالی علاقے میں پولیس کی بڑی نفری تعینات ہے (فوٹو: اے پی)

سینٹرل کمیٹی آف سوڈان ڈاکٹرز کے مطابق ان مظاہروں کے دوران کم از کم  300 مظاہرین زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سوڈان میں گذشتہ ماہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور سوڈان کی سویلین قیادت کو حراست میں لیا تھا۔
وزیراعظم عبد اللہ حمدوک کو کچھ دیر کے لیے حراست میں رکھنے کے بعد نظر بند کر دیا گیا تھا۔
 

شیئر: