Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک عہد کا اختتام: ’رنز مشین‘ اے بی ڈویلیئرز ریٹائرڈ ہوگئے

اے بی ڈویلیئرز نے 114 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ اور 78 ٹی20 میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
37 سالہ کرکٹر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جمعے کو اپنے 17 سالہ کیریئر کے اختتام کا اعلان کیا۔
مایہ ناز بلے باز نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 114 ٹیسٹ میچوں میں 8 ہزار 765، 228 ون ڈیز میں 9 ہزار 577 اور 78 ٹی20 میچوں میں 1672 رنز بنائے۔ 
اپنے بیان میں اے بی ڈویلیئرز کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک شاندار سفر رہا ہے تاہم اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے لوں۔‘
’کرکٹ میرے لیے غیر معمولی اہمیت کی حامل رہی ہے، چاہے میں ٹائٹنز کے لیے کھیل رہا ہوں، جنوبی افریقہ کے لیے یا رائل چیلنجرز بینگلور کے لیے، کھیل نے مجھے ناقابل یقین تجربات اور مواقع فراہم کیے اور میں ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔‘
انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ’میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، ہر حریف کا، ہر کوچ، ہر فزیو اور ہر سٹاف ممبر کا جو اس سفر میں شامل رہے ہیں۔‘
’میں جنوبی افریقہ، انڈیا اور جہاں جہاں میں کرکٹ کھیلا ہوں، سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
’اور میں آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ سب کچھ میری فیملی، میرے والدین، میرے بھائیوں، میری اہلیہ اور میرے بچوں کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔‘
’میں زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے جارہا ہوں جس میں وہ میرے لیے سرفہرست ہوں گے۔‘
اے بی ڈویلیئرز کو ون ڈے میں تیز ترین، ففٹی، سینچری اور تیز ترین 150 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، وہ واحد بلے باز ہیں جن کے 100 سے زائد سٹرائیک ریٹ کے ساتھ ٹیسٹ اور ون ڈے میں 50 سے زائد کی ایوریج ہے۔

شیئر: