Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن صحت مند اور صدارتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل: وائٹ ہاؤس

جنوری میں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جو بائیڈن کا یہ پہلا طبی معائنہ تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے صدر جو بائیڈن کو ایک مکمل طبی معائنے کے بعد وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر نے صحت مند اور ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے فِٹ قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے فزیشن کیون اوکونر نے جو بائیڈن کی صحت کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’صدر صحت مند، توانا اور صدارتی ذمہ داریاں بہتر طور پر ادا کرنے کے لیے فِٹ ہیں، جن میں بطور چیف ایگزیکٹیو اور ریاست کے سربراہ اور کمانڈر انچیف کا کردار شامل ہے۔‘
خیال رہے کہ جمعے کو 78 سالہ امریکی صدر کا معمول کا ایک طویل اور مکمل طبی معائنہ کیا گیا تھا۔ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر بائیڈن کا یہ پہلا طبی معائنہ تھا۔ 
وائٹ ہاؤس کے مطابق معمول کے طبی معائنے کے دوران صدر جو بائیڈن کی کلونو سکوپی کی گئی جس کے لیے انہیں اینستھیزیا دیا گیا۔
اس دوران تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کے لیے نائب صدر کملا ہیرس نے قائم مقام صدر بن کر تاریخ رقم کی۔ وہ ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون بنیں جنہوں نے امریکہ کے صدر کے اختیارات سنبھالے۔ 
صدر جو بائیڈن اپنی 79 ویں سالگرہ کے دن دارالحکومت واشنگٹن سے کچھ دور واقع والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر گئے تھے۔
جو بائیڈن امریکی تاریخ میں صدارت کے منصب پر فائز ہونے والی سب سے عمر رسیدہ شخصیت ہیں۔

شیئر: