Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین پلیٹ فارم کے لیے پاکستانی اداکاراؤں کی سٹریمنگ سیریز میں کیا خاص ہے؟

سیریز میں سات مختلف کردار دکھائے گئے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
متعدد پاکستانی اداکاراؤں کی سنسنی خیز سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ 10 دسمبر سے انڈین سٹریمنگ پلیٹ فارم زی گلوبل پر نشر کی جا رہی ہے۔ اس سیریز میں اہم کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکاراؤں کے مطابق یہ معاشرے میں موجود عورت کے عام روپ اور اس سے جڑے تصورات سے یکسر مختلف ایک سیریز ہے۔
’ قاتل حسینائوں کے نام‘ نامی سیریز کی کہانی میں ایک عام عورت کو قاتل حسینہ میں بدلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ برٹش انڈین ڈائریکٹرمینو گور کی ہدایات میں تیار ہونے والی سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ چھ قسطوں پر مشتمل ہے جس میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی متعدد اداکارائیں کارکردگی کے جوہر دکھائیں گی۔
ان میں صنم سعید، ثروت گیلانی، سمیا ممتاز، فائزہ گیلانی، بیو رانا ظفر، ایمان سلیمان، سلیم معراج، احسن خان، عثمان خالد بٹ اور شہریار منور شامل ہیں۔
سیریز کے کردار صبروضبط کی زندگی گزارنے کے بجائے اپنے ساتھ ہونے والی بیوفائی پر سخت ردعمل دیتے اور ایسا کرنے والوں کو معاف نہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں بتایا گیا ہے کہ جب عوت برداشت کی حد پار کر لیتی ہے تو پھر کیا ہوتا ہے۔
فرجاد نبی اور مینو گور کی تحریر کردہ قاتل حسیناؤں کے نام میں ایسی خواتین کو دکھایا گیا ہے جو اپنی قسمت کی ڈور اپنے ہاتھ میں لیتی اور کسی بھی صورتحا ل یا معاشرے کے سامنے نہ جھکنے کا فیصلہ کر لیتی ہیں۔ 
سیریز تیار کرنے والوں کے مطابق ’قاتل حسینائوں کے نام‘ دراصل ان خواتین کے لیے ایک پیغام ہے جو تمام مشکلات کے باوجود اپنے حقوق استعمال کرنے کی ہمت کرتی ہیں۔
’قاتل حسیناؤں کے نام‘ سیریز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تخلیق کار اور ڈائریکٹر مینو گور کا کہنا ہے کہ ’مجھے بہت خوشی ہے کہ میں ایک ایسا شو تخلیق کر رہا ہوں جس میں سنسنی، اسرار اور مزہ ایک ساتھ ہیں۔ اس شو سے دہائیوں سے مشہور عورت کے مظلوم ہونے اور مردوں کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کے تصور کو ہلا کر رکھ دیا گیا ہے۔‘

انڈین او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو کی سیریز میں سات مختلف کردار دکھائے گئے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)

زندگی کے بینر تلے بننے والی سیریز میں مہک کا کردار ادا کرنے والی فنکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ ’یہ سیریز عورت کو بااختیار بنانے کے علاوہ عورت کو درپیش مسال کو ڈھکا چھپا پیش کرنے کے بجائے واضح طور پر پیش کرتی ہے۔ قاتل حسینائوں کے نام ہر ایک کے لیے ایک اہم شو ہے کیونکہ یہ عورت پر ہونے والے ظلم کے نتائج کو ظاہر کرنے کی کوشش ہے۔
سیریز میں زووی کا کردار ادا کرنے والی فنکارہ صنم سعید کا کہنا ہے کہ ’میں نے ماضی میں جو کردار کیے، ان سے بے حد مختلف رول میں کام کرنے پر بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ قاتل حسینائوں کے نام جرأت، شوخی اور طاقت سے بھرپور شو ہے۔ اس شو میں کام کرنا بہت اچھا لگا جو ایسی کہانیوں پر مبنی ہے جن میں عورت کو مضبوط اور نڈر دکھایا گیا ہے۔‘
اداکارہ ثروت گیلانی اس سے پہلے بھی انڈین او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی فائیو پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز 'چڑیلز' میں کام کر چکی ہیں۔

شیئر: