Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی دہلی میں سموگ کی وجہ سے بند سکول و دفاتر پیر سے کھولنے کا فیصلہ

نئی دہلی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں سموگ کی وجہ سے ایک ہفتہ قبل بند کیے گئے سکولوں کو پیر سے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیر ماحولیات گوپال رائے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شہرمیں گذشتہ تین روز سے آلودگی کم ہوئی ہے لہٰذا پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔‘
حکام نے کوئلے کے پلانٹس، غیر ضروری گاڑیوں اور تعمیراتی کام پر پابندی سمیت لوگوں سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی تھی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دہلی میں آلودگی کی سطح ایئر کوالٹی انڈیکس پر 500 کے سکیل پر 437 تھی۔
نئی دہلی کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ ہر سال موسم سرما میں فیکٹریوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج، گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کی وجہ سے دو کروڑ افراد اس کی لپیٹ میں آتے ہیں۔
گوپال رائے کا کہنا تھا کہ ’سکول، کالج اور ادارے اتوار کو کھولے جا سکتے ہیں۔ سرکاری دفاتر بھی کھلیں گے اور ہم ملازمین کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت دیں گے۔

شیئر: