Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی دبئی ایکسپو میں شرکت

دبئی ایکسپو میں دنیا کے سو سے زائد ممالک کی مختلف تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ فوٹو: دبئی ایکسپو ٹوئٹر
سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے دبئی ایکسپو میں اپنے مختلف پراجیکٹس کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
ایکسپو کے پاکستان پویلین میں پنجاب حکومت نے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے حصہ لے کر عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی۔
دبئی ایکسپو میں پنجاب حکومت نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سیاحت، ٹیکنالوجی اور پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق رواں ماہ کے دوران پاکستان پویلین میں کئی ایونٹس اور سیمینار منعقد کیے گئے جن میں دنیا کے سامنے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے پوٹینشل کے بارے میں بتایا گیا۔
دبئی انٹرنیشنل فنانس سٹی میں منعقد کی گئی پنجاب انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا فوکس بھی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے پنجاب میں کاروبار اور معیشت کے پوٹینشل کے بارے میں بتانا تھا۔
بیان کے مطابق اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پنجاب ایشیا کا نئے بزنس حب یا کاروباری مرکز بننے کی راہ پر ہے۔
پنجاب کے وزیر برائے کامرس و انڈسٹری میاں اسلم اقبال، ہائیر ایجوکیشن اور آئی ٹی کے وزیر راجہ یاسر ہمایوں، وزیر خزانہ ہاشم جوان بخت، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے سی ای او عمران امین نے کانفرنس میں شرکت کی۔
سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب حکومت کا ریئل سٹیٹ کا اہم منصوبہ ہے جو ملک بھر میں سمارٹ، کلین اور گرین ہاؤسنگ و کاروباری سرگرمیوں میں حصہ دار ہے۔

شیئر: