Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چٹوگرام ٹیسٹ، پہلے دن بنگلہ دیش کے چار وکٹوں پر 253 رنز

مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے 200 رنز سے زائد کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ چٹوگرام کے ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹاگانگ میں کھیلا جا رہا ہے۔ 
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے دن کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے چار وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سکور کیے۔
ابتدا میں چار کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد مشفیق الرحیم اور لٹن داس نے عمدہ پارٹنرشپ قائم کی۔ لٹن داس نے شاندار سینچری سکور کی اور 113 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ مشفیق الرحیم 82 رنز پر دوسرے اینڈ پر کھڑے ہیں۔
پاکستان کے بولرز شاہین آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 پاکستان کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام
پاکستانی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق اور عابد علی شامل ہیں۔
اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کل 11 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم کوئی میچ نہ جیت سکی، ایک میچ ڈرا ہوا۔
پچ کی صورت حال
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹوگرام میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ نے چوتھی اننگز میں کامیابی سے 395 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔
اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ پچ پانچ روز تک مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ درجہ حرارت معتدل رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن
پاکستان اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2021 میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان نے اب تک ٹورنامنٹ میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور دونوں میں اس کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے ایک ٹیسٹ میچ جیتا جبکہ ایک میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی بھی 12 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

کھلاڑیوں کی پریکٹس
پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو چٹوگرام سٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ کے علاوہ فزیکل فٹنس اور فٹ بال کھیلنے کے سیشن میں حصہ لیا۔
بنگلہ دیش کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے: بابر اعظم
جمعرات کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم متاثرکن ہے اور اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیم اچھا تاثر قائم کرے گی۔‘
پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’ان کی ٹیم بنگلہ دیش کو آسان حریف تصور نہیں کرے گی۔‘
’یہاں کی کنڈیشنز (پاکستان کی بنسبت) مختلف ہیں، اس لیے ہم بنگلہ دیش کو آسان نہیں لیں گے۔‘

بابر اعظم کے مطابق ’بنگلہ دیش کی کنڈیشنز قدرے مختلف ہیں اور بیٹرز کو سیٹل ہونے کے لیے کریز پر ٹھہر کر کھیلنا ہوگا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بابر اعظم کے مطابق ’بنگلہ دیش کی کنڈیشنز قدرے مختلف ہیں اور بیٹرز کو سیٹل ہونے کے لیے کریز پر ٹھہر کر کھیلنا ہوگا۔‘
’کھلاڑی پوری توجہ کھیل پر مرکوز کریں گے تاکہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی جاسکے۔‘
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس دورے میں کھیلی گئی تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو وائٹ واش کیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ سنیچر چار دسمبر سے شیرِبنگلہ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: