اچھا کردار آفر ہوا تو بالی وڈ میں کام کروں گا: نِک جونس
نک جونس کا کہنا ہے کہ پرینکا چوپڑا کے ساتھ رہنے سے انڈین فلم انڈسٹری سے جان پہچان زیادہ ہوگئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا کے شوہر نک جونس نے بالی وڈ فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق نک جونس نے کہا ہے کہ ’اگر مجھے بالی وڈ میں اداکاری کرنے کا موقع ملا تو میں وہاں کام کرنا چاہوں گا۔‘
انڈین فلموں کے حوالے سے نک جونس کا کہنا تھا کہ ’میں بالی وڈ فلموں سے لگاؤ رکھتا ہوں اور گذشتہ چند برسوں میں اپنی اہلیہ پرینکا چوپڑا کے ساتھ رہنے کی وجہ سے انڈین فلم انڈسٹری سے جان پہچان زیادہ ہوگئی ہے۔‘
انڈین فلم انڈسٹری کے بارے میں نک جونس کہتے ہیں کہ یہ ایک غیر معمولی فلمی صنعت ہے متاثر کن کام ہو رہا ہے اور وہاں وہ بہت سے دوست بھی بنا چکے ہیں۔
بالی وڈ میں کام کرنے کے بارے میں انہوں کہا کہ اگر اچھا کردار ادا کرنے کا موقع ملا تو کون جانتا ہے، ہو سکتا ہے میں وہاں کام کروں۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ 2018 میں شادی ہوئی تھی جس کی تقریبات انڈیا میں ہوئیں۔
پرینکا اور نک جونس کی شادی کے لیے انڈیا کے شہر جودھ پور کے امیدبھون پیلس کو بک کرایا گیا تھا۔
پرینکا اور نک جونس کی شادی کے استقبالیے میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سمیت ملک کی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
چند روز قبل پرینکا چوپڑا اور نک جونس کی علیحدگی کی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں۔ اس کے بعد پرینکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا نے انڈین چینل ’نیوز 18‘ سے بات کرتے ہوئے طلاق کی خبروں کی تردید کی اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔