Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کی سنی گئی‘، پرینکا چوپڑا کی مداحوں کو ’مایوس کرنے‘ پر معافی

پرینکا چوپڑا نے لکھا کہ ’جب لوگ کسی چیز کے لیے مل کر آواز اٹھاتے ہیں تو اس کا ہمیشہ اثر پڑتا ہے‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی پگی چاپس نے ایک رئیلٹی شو ’دا ایکٹیوسٹ‘ میں شرکت کرنے پر وسیع پیمانے پر ہونے والی تنقید کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
جمعے کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پرینکا چوپڑا نے لکھا کہ ’میں گذشتہ ہفتے میں آپ کی آواز کی طاقت سے متاثر ہوئی ہوں۔ مقصدیت اور اثر ہی ایکٹیوازم کی طاقت ہوتے ہیں اور جب لوگ کسی چیز کے لیے مل کر آواز اٹھاتے ہیں تو اس کا ہمیشہ اثر پڑتا ہے۔ آپ کی سنی گئی۔‘
’دا ایکٹیوسٹ‘ ایک رئیلٹی شو ہے جس پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ صارفین نے ایکٹیوازم اور مقابلے کو یکجا کرنے پر اعتراض اٹھایا تھا۔ اس شو کی میزبانی کے لیے پرینکا چوپڑا، امریکی گلوکار اشر اور جولین مور کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس شو میں سماجی کارکنوں کو ان کے سوشل میڈیا مہم کے ذریعے پرکھا جاتا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس سیریز کو احمقانہ قرار دیا تھا۔ اس تنقید کے بعد پروگرام کو پانچ اقساط پر مشتمل سیریز کے بجائے ڈاکیومنٹری میں تبدیل کیا گیا ہے اور اس میں سے مقابلے کا فارمیٹ نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’شو کو غلط سمجھا گیا اور میں معذرت خواہ ہوں کہ میری شرکت سے آپ میں سے بہت سوں کو مایوسی ہوئی۔ ہمیشہ یہی ارادہ رہا کہ آئیڈیاز کے پیچھے چھپے ہوئے لوگوں کی طرف توجہ دلائی جائے اور عمل اور مقاصد کے اثرات جن کی وہ حمایت کرتے ہیں انہیں اجاگر کیا جائے۔‘
پرینکا نے لکھا کہ ’مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس نئے فارمیٹ میں ان کی کہانیاں سامنے آئیں گی اور میں ان ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں جو ہر چیز پر توجہ دیتے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ کس وقت انہیں روکنے کا انتخاب کرنا ہے اور کب دوبارہ جانچ کرنی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سماجی کارکنوں کی ایک عالمی کمیونٹی ہر روز لڑتی ہے اور تبدیلی لانے کے لیے اپنا خون، پسینہ اور آنسو بہاتی ہے لیکن ان کی بہت ہی کم سنی جاتی ہے یا ان کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ ان کا کام بہت اہم ہے جس کا اعتراف کیا جانا ان کا حق ہے۔ آپ میں سے ہر ایک کا شکریہ۔‘

شیئر: