Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مانچسٹر یونائیٹڈ کی مالک کمپنی لانسر کیپیٹل کی دنیائے کرکٹ میں انٹری

لانسر کیپیٹل کے چیئرمین ایورم گلیزر نے کہا کہ ’میں یو اے ای ٹی20 کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کی امریکی مالک کمپنی لانسر کیپیٹل نے جلد شروع ہونے والی یو اے ای ٹی20  لیگ میں فرنچائز حاصل کرکے کرکٹ میں اپنا پہلا قدم رکھا ہے۔
کرک انفو ویب سائٹ کے مطابق یہ خبر آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے مالک ریلائنس انڈسٹریز کی جانب سے یو اے ای ٹی20 لیگ میں فرنچائز کی ملکیت کے ذریعے سرمایہ کاری کے اعلان کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔
لانسر کیپیٹل کے چیئرمین ایورم گلیزر نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں یو اے ای ٹی20 کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔ یو اے ای ٹی20 ایک عالمی معیار کا ایونٹ ہوگا جو امارات میں کرکٹ کے فروغ کا باعث بنے گا۔‘
واضح رہے کہ لانسر کیپیٹل کے چیئرمین ایوی گلیزر ٹمپا بے بوکینرز کے مالک اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے شریک چیئرمین بھی ہیں۔
یو اے ای ٹی20 لیگ کے چیئرمین خالد الزرونی نے کہا’ میں مسٹر گلیزر کو یو اے ای ٹی20 فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت پرجوش ہوں۔‘
’ایک ایسے پارٹنر کا ہونا جس نے طویل مدتی سرمایہ کاری کے نقطہ نظر کے ساتھ کھیلوں میں سرمایہ کاری کی ہو، یو اے ای ٹی20 لیگ کے بزنس ماڈل کی مضبوطی اور کھیلوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے عالمی سطح پر انتخاب کی علامت ہے۔‘
گزشتہ ماہ لانسر کیپٹلز دو نئی آئی پی ایل فرنچائزز کے لیے حتمی شارٹ لسٹ کردہ بولی دہندگان میں شامل تھی لیکن وہ بولی آر پی ایس جی گروپ اور سی وی سی کیپیٹل سے کے نام رہی۔ ان گروپوں نے بالترتیب لکھنؤ اور احمد آباد فرنچائزز حاصل کیں۔
آئی پی ایل کے لیے نو بولیوں میں سے لانسر کیپٹل نے احمد آباد فرنچائز کے لیے 55 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے ساتھ سب سے کم بولی لگائی تھی اور لکھنؤ فرنچائز کے لیے53 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بولی لگائی تھی۔
چھ ٹیموں پر مشتمل یو اے ای ٹی20 لیگ کو ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے منظوری دی ہے۔ اس کا افتتاحی ایڈیشن فروری یا مارچ 2022 میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

شیئر: