Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاپتہ انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل کی لاش لسبیلہ سے مل گئی

قاضی اجمل کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے لنڈی ارباب کے مشہور قاضی خاندان سے تھا
پاکستان میں تین دن سے لاپتہ انسٹرکٹر پائلٹ قاضی اجمل کی لاش بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے قریب سے ملی ہے۔
لسبیلہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایوب اچکزئی کے مطابق قاضی اجمل کا جیرو کاپٹر لسبیلہ اور آواران کے درمیان ہنگول نیشنل پارک کی حدود میں حادثے کا شکار ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ  قاضی اجمل کی میت کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔
‏پشاور کے علاقے لنڈی ارباب کی قاضی فیملی کے لائسنس یافتہ پائلٹ قاضی اجمل کراچی سے اپنے جیرو کاپٹر میں فلائنگ کر کے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے کنڈملیر کی حدود میں لاپتہ ہو گئے تھے۔
قاضی اجمل کے اہل خانہ نے تین دن کی تلاش کے بعد آرمی ایوی ایشن اور فلائنگ کمیونٹی سے مدد کی اپیل کی جس کے بعد لسبیلہ اور آواران میں پائلٹ کی باقاعدہ تلاش کا آغاز کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق جیرو کاپٹر پہاڑ سے ٹکرا کر کریش ہوا تاہم ابھی تک کسی سرکاری اہلکار نے حادثے کی وجوہات سے متعلق تفصیلات کی تصدیق نہیں کی۔
قاضی اجمل کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے لنڈی ارباب کے مشہور قاضی خاندان سے تھا۔ ان کے والد قاضی سجاد احمد اور قاضی طفیل احمد بھی پائلٹ ہیں۔
انہوں نے اپنے گھر میں ہی ہیلی کاپٹر بنایا تھا اور بعد ازاں یورپ سے ہیلی کاپٹر اڑانے کی باقاعدہ تربیت اور لائسنس حاصل کیا تھا۔

شیئر: