Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روپے کی قدر میں بہتری کے باوجود سونے کی قیمت میں 250 روپے کا اضافہ

چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی بہتری کے باوجود پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 250 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی صرافہ مارکیٹ کے اعدادوشمار کے مطابق پیر کے روز دس گرام سونے کی قیمت میں 214 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
حالیہ تبدیلی کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 123650 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 106010 روپے رہی۔
سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی منڈی میں سونے کی قیمتؤں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان سونے سے متعلق اپنی ضرورت کے لیے درآمدات پر انحصار کرتا ہے جس کی وجہ سے سونے کے کاروبار سے وابستہ تاجر نرخوں کے تعین کے لیے عالمی مارکیٹ کے رجحانات پر عمل کرتے ہیں، سونے کے درآمدکنندگان اماراتی درہم اور امریکی ڈالر میں سونا خرید کر اس کی قیمت پر روپے میں بدلتے ہیں۔
پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں چار ڈالر کی کمی ہوئی تھی جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت پیر کے روز 1780 ڈالر رہی۔
پاکستانی مارکیٹ میں پیر کے روز چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور فی تولہ چاندی 1460 روپے جب کہ دس گرام چاندی کی قیمت 1251.71 روپے رہی۔

شیئر: