Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفاد پرستانہ سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے: فیلڈ مارشل

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈیا کے حمایت یافتہ پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بلوچستان سے متعلق 18ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی سٹریٹجک اہمیت کا جائزہ لینا تھا۔
اپنے خطاب میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے بلوچستان کے عوام کی استقامت اور حب الوطنی کو سراہا اور پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے بلوچستان کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے شروع کیے گئے ہمہ جہت اقدامات کی تعریف کی اور عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی پر زور دیا، جس کا مقصد صوبے کے سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانا اور عوام کی بہتری کے لیے اس کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، خصوصاً منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے میں، اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ’مفاد پرستانہ سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل اس کے تمام باشندوں کی طویل المدت خوشحالی کی بنیاد پر تشکیل پا سکے۔‘
سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ ’انڈیا کے حمایت یافتہ پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

نشست کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سکیورٹی فورسز کی سخت کارروائیوں کے ذریعے ان مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور صوبے کو دہشت گردی اور بدامنی سے پاک کیا جائے گا۔‘
علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی، براہِ راست یا بالواسطہ، خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
نشست کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے اور بلوچستان کی ترقی اور سکیورٹی سے متعلق جاری کوششوں پر مزید روشنی ڈالی۔

 

شیئر: