Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حادثے میں ہلاک ہونے والے انڈین ڈیفنس چیف کی آخری رسومات آج

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کے بعد آج جمعے کو نئی دہلی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کو طے شدہ پروٹوکول کے تحت 17 توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ فوج کے 800 اہلکار آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی آخری رسومات برار سکوائر کے شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔
بدھ کو انڈین فضائیہ نے کہا تھا کہ تامل ناڈو میں ایئر فورس کا ایم آئی وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان اہلیہ سمیت دیگر 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جنرل بپن اور ان کی اہلیہ کی آخری رسومات سے قبل وزیر داخلہ امیت شاہ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی دیگر چند رہنماؤں سمیت ان کی سرکاری رہائش گاہ پر حاضر ہوئے اور خراج عقیدت پیش کیا۔
سری لنکا، بھوٹان، نیپال اور بنگلہ دیش کے فوجی کمانڈرز بھی جنرل بپن راوت کی آخری رسومات کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

شیئر: