Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک طرف روس، دوسری طرف چین ہے، معاملہ سنگین ہے‘

سنگ ماہ میں کبریٰ خان اور ہانیہ عامر نے بھی کام کیا ہے (فوٹو: کبریٰ خان انسٹاگرام)
’ایک طرف روس ہے، ایک طرف چین ہے، معاملہ سنگین ہے۔‘ یہ کسی نیوز بلٹن کی خبر نہیں بلکہ آنے والے ڈرامے ’سنگِ ماہ‘ کے ٹیزر کے بیک گراؤنڈ میں چلنے والا گانا ہے۔ جس کو عاطف اسلم نے گایا ہے اور وہ اس ڈرامے میں اداکاری بھی کر رہے ہیں۔
جمعے کو سنگ ماہ کا ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شیئر ہوتا چلا گیا۔ صارفین ڈرامے کے ٹیزر اور تصاویر پر تبصرے کر رہے ہیں۔
پاکستان کے مشہور گلوکار عاطف اسلم اگرچہ پہلے بھی اداکاری کر چکے ہیں تاہم کسی ڈرامے میں ان کا یہ پہلا کام ہے۔ اس سے قبل وہ شعیب منصور کی فلم بول میں کام کر چکے ہیں۔ اب سنگِ ماہ ڈرامے میں نظر آئیں۔
40 سکینڈ کے ٹیزر میں مختلف اداکار دکھائی دیتے ہیں جن میں عاطف اسلم کے علاوہ ہانیہ عامر، کبریٰ خان، ثانیہ سعید اور دوسرے شامل ہیں۔
ٹیزر کے مطابق ڈرامے کی کہانی دیہات کا پس منظر رکھتی ہے، جس میں کھیتوں اور چوپالوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
ڈرامے میں ایک طرف رومانوی مناظر ہیں تو دوسری جانب چند لوگ بندوقیں اٹھائے پھرتے نظر آتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے اس میں ایکشن بھی ہو گا۔
چونکہ عاطف اسلم دنیا بھر میں مداحوں کی بہت بڑی تعداد رکھتے ہیں اس لیے اس ڈرامے کا ٹیزر بھی بہت مشہور ہوا ہے اور امکان یہی ہے کہ ڈرامہ بھی پسند کیا جائے گا۔
ڈرامے کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے لکھی ہے، اس کے ہدایت کار سیفے حسن ہیں جبکہ پروڈیوس مومنہ دُرید نے کیا ہے۔

سامعہ مہک نامی صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’عاطف اسلم پہلی بار ڈرامے میں آ رہے ہیں۔ انہیں سکرین پر دیکھ کر خوشی ہو گی، انتظار میں ہوں‘

انشارہ حسن نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا ’ہم اس ڈرامے کے لیے مزید انتظار نہیں کر سکتے۔‘

شیئر: