Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کی سلامتی کے لیے صدر پوتن کا امریکہ کے ساتھ فوری مذاکرات کا مطالبہ

صدر پوتن نے فن لینڈ کے صدر سے ملاقات میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کیا۔ فوٹو اے ایف پی
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ملکی سلامتی کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے امریکہ اور نیٹو کے ساتھ فوری مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو فن لینڈ کے صدر ساولی نینستو سے ملاقات کے دوران ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس کی سلامتی کی غرض سے بین الاقوامی سطح پر قانونی ضمانت دینے کے لیے امریکہ اور نیٹو کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
صدارتی محل کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کا مطالبہ ہے کہ نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کو مشرق کی جانب پیش قدمی اور یوکرین سمیت دیگر ہمسایہ ریاستوں میں ہتھیار پہنچانے سے روکا جائے۔
صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کی قیادت پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرقی علاقے میں روس نواز باغیوں کے خلاف بھاری ہتھیار اور مسلح ڈرون استعمال کر رہی ہے۔
صدر پوتن کی جانب سے یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب مغربی ممالک کئی ہفتوں سے روس پر الزام عائد کر رہے ہیں کہ وہ یوکرین پر قبضے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اس کی سرحد پر ہزاروں کی تعداد میں فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔
روسی صدر نے ایسے کسی بھی منصوبے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار نیٹو کو ٹھہرایا ہے۔
صدر پوتن نے مغربی ممالک سے یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے کہ نیٹو کی تنظیم مشرق کی جانب پیش قدمی نہیں کرے گی۔

یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام روس پر لگایا جا رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

گذشتہ ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن نے ویڈیو کال میں صدر پوتن کو خبردار کیا تھا کہ یوکرین پر حملہ کرنے کی صورت میں روس پر ایسی غیر معمولی پابندیاں لگائی جائیں گی جو اس سے پہلے کبھی نہیں عائد کی گئیں۔
پیر کو یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ہونے والے اجلاس میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو بے مثال معاشی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
اس اجلاس کے بعد جی سیون ممالک کے وزرا کے بھی مذاکرات ہوئے تھے جس میں امریکہ اور اتحادی ممالک نے روس کو بھاری نتائج کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔
خیال رہے کہ روایتی طور پر مغربی ممالک اور روس کے درمیان رابطوں کے لیے فن لینڈ غیر جانبدار فریق کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
سال 2018 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات کا اہتمام فن لینڈ میں ہی کیا گیا تھا۔

شیئر: