Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانامہ پیپرز کیس: ’ایشوریا کو فون آ فرینڈ کا آپشن بھی نہیں ملا‘

اڑتالیس سالہ اداکارہ امیتابھ بچن کی بہو اور ابھیشیک بچن کی بیوی ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ اور بالی وڈ کے طاقتور ترین خاندان کی اکلوتی بہو ایشوریا رائے بچن پانامہ پیپرز کیس میں نئی دہلی میں ’انفورسمنٹ دائریکٹریٹ‘ کے دفتر میں حاضر ہوگیئں۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ’انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ‘ 2016 میں پانامہ پیپرز کے منظر عام پر آنے کے بعد امیتابھ بچن کے خاندان کی بیرون ملک ترسیلات زر کے حوالے سے تحقیقات کررہا ہے۔
یہ تحقیقات ایک منی لانڈرنگ کیس میں کی جارہی ہیں جس کا اندراج ’پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002‘ کے تحت کیا گیا تھا۔
واضح رہے ایشوریا رائے بچن انڈیا کے سب سے بڑے اداکاروں امیتابھ بچن اور جیا بچن کی بہو اور ابھیشیک بچن کی بیوی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔ ایک صارف گرپریت گیری والیا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ایشوریا رائے بچن اس وقت ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ) کے دفتر میں ہیں۔ اب اصل کون بنے گا کروڑپتی شروع ہوگا۔‘
یاد رہے ’کون بنے گا کروڑپتی‘ انڈین ٹی وی کے بڑے شوز میں سے ایک ہے جس کے میزبان امیتابھ بچن ہیں۔
صارف نے طنز کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’انہیں (ایشوریا کو) فون آ فرینڈ کا آپشن نہیں دیا جائے گا۔‘
تاہم ایشوریا کے پرستاروں کو پورا یقین ہے کہ وہ اس تحقیقات کے بعد اپنی معصومیت ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
ابرام ادتیا نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ایشوریا رائی بچن ’سسٹم کےساتھ تعاون کریں گی۔‘
’کوئی میڈیا ڈرامہ نہیں اور آپ تو ویسے بھی ای ڈی کے دفتر پہنچ چکی ہیں۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘
’بیوچنگ بچنز‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’میری قانون کی پابندی کرنے والی سچی ملکہ اس تحقیات سے سر اونچا کرکے نکلے گی۔‘
ایشوریا کے ناقدین پر تنقید کرتے ہوئے صارف نے مزید لکھا کہ ’باقی سب ان کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیوز نیوز چینلز پر دیکھ کر محظوظ ہوتے رہیں۔‘

امیتابھ بچن نے بھی ایک ٹویٹ میں اس کیس کا ذکر کیے بغیر لکھا کہ ’سچ ایک ایسی چیز ہے جب ٹوٹتا ہے تو آواز نہیں آتی لیکن اس کی گونج زندگی بھر سنائی دیتی ہے۔‘
اس کیس کے حوالے سے مزید معلومات انڈین حکام کی جانب سے منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں تاہم انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق اسی کیس میں ایشوریا رائی بچن کے شوہر ابھیشیک بچن بھی شامل تفتیش ہیں۔

شیئر: