Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علیم ڈار سے متعلق بیان، شین وارن ٹوئٹر پر تنقید کی زد میں

شین وارن کے مداحوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس بیان پر مایوسی ہوئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن پروفیشنل کرکٹ کو سالوں پہلے خیرباد کہہ چکے ہیں اور اب کمینٹری کے شعبے سے وابستہ ہیں لیکن اب بھی وہ نئے تنازعات کھڑے کرنے سے باز نہیں آتے۔
شین وارن کا شمار اپنے وقت کے کامیاب ترین لیگ سپنرز میں ہوتا تھا اور ٹیسٹ کیریئر میں 700 وکٹیں ان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
لیکن اگر ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ مختلف تنازعات سے بھرا ہوا ہے۔ انہیں 2003 میں ممنوعہ ادویات کے استعمال پر ورلڈ کپ سے قبل ایک سال کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
آسٹریلین لیگ ’بگ بیش‘ میں ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلن سیموئلز سے ان کا جھگڑا آج بھی یوٹیوب پر محفوظ ہے۔ جس میں شین وارن ویسٹ انڈین کھلاڑی کے لیے نازیبا الفاظ کرتے ہوئے اور ان کی شرٹ کھینچتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
اب انہوں نے علیم ڈار کو ’برا امپائر‘ کہہ کر اپنے پاکستانی مداحوں کو بھی ناراض کر لیا ہے۔
ٹوئٹر پر ’روب موڈی‘ نامی صارف نے ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انگلش کھلاڑی سٹیورٹ براڈ آسٹریلوی بولر ایشٹن اگر کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے ہیں لیکن پاکستانی امپائر علیم ڈار انہیں آؤٹ نہیں دیتے۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے شین وارن نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس سے پتہ چلتا ہے کہ علیم ڈار کتنے برے امپائر تھے اور کتنے غلط فیصلے انہوں نے دیے۔‘
یہ ویڈیو 2013 کی ایشیز سیریز کی ہے۔
شین وارن کی ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئی صارف عمیر علوی کے کہا کہ ’پلیز کوئی شین وارن کو بتائے کہ علیم ڈار کو ان کی منظوری کی ضرورت نہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ (علیم ڈار) دنیا کے بہترین امپائر تھے جبکہ شین وارن ہمیشہ مرلی دھرن کے بعد دوسرے نمبر پر رہے۔‘
عبدالغفار نامی صارف نے شین وارن کے بیان کو ’غیر ضروری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علیم ڈار کا شمار اب بھی دنیا کے بہترین امپائروں میں ہوتا ہے۔
’شین وارن ہمیشہ میرے کرکٹ کے ہیرو رہے اور مجھے اس ٹویٹ کو دیکھ کر مایوسی ہوئی۔‘
ولید نامی صارف نے کہا کہ ’علیم ڈار پہلے بھی اور اب بھی کرکٹ کی تاریخ کے بہترین امپائروں میں سے ایک ہیں۔‘
ولید نے خیال ظاہر کیا کہ شاید شین وارن ایسا اس لیے کہہ رہے ہیں کیونکہ علیم ڈار ان کے لیے ایک مشکل امپائر ثابت ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ علیم ڈار کی خدمات کو سراہتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انہیں 2009 میں ’امپائر آف دا ایئر‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔

شیئر: