Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارجنٹائن میں پاکستانی سفارتخانے کے ہیک ہونے والے انسٹا اکاؤنٹ سے کیا پوسٹ ہوا؟

اس سے قبل سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا اکاؤنٹس بھی ہیک کیے گئے تھے۔ (فائل فوٹو: ایے ایف پی)
ارجنٹائن میں پاکستانی سفارت خانے کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بدھ کو کچھ دیر کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا۔
اپنے ایک ٹوئٹر بیان میں ارجنٹائن میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ ’ارجنٹائن میں پاکستانی سفارت خانے کا اکاؤنٹ کچھ دیر پہلے ہیک ہوگیا تھا۔‘
ٹویٹ میں سفارت خانے کا مزید کہنا تھا کہ ’اسے اب ریکور کرلیا گیا ہے۔‘
پاکستانی سفارت خانے کا مزید کہنا تھا کہ ’برائے مہربانی نوٹ فرمالیں پچھلے ایک گھنٹے میں اس اکاؤنٹ سے جو بھی پیغامات بھیجے گئے، انہیں ارجنٹائن میں سفارت خانے نے نہیں بھیجا۔‘
اس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک ٹویٹ میں تصدیق کی تھی کہ سفارت خانے کا اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے، جسے انسٹاگرام کو رپورٹ بھی کردیا گیا ہے۔

انسٹاگرام میسج میں کیا تھا؟
پاکستانی سفارت خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں وزیراعظم عمران خان سابق صدر ممنون حسین سے بحیثیت حکومت کے سربراہ حلف لے رہے ہیں۔
تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ ’ہم شاید ارجنٹائن کے ساتھ کی گئی جے ایف 17 [تھنڈر] کی ڈیل بھی کھو دیں۔‘
انسٹاگرام پوسٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ ’اسلام آباد میں سیاسی ردوبدل شاید (دنیا کے )پاکستان کے اوپر انحصار اور اس کی ساکھ کے احیا کا باعث بنے۔‘

واضح رہے رواں برس ستمبر میں غیرملکی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ارجنٹائن پاکستان سے جےایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ تاہم ارجنٹائن نے سرکاری سطح پر ان افواہوں کی تردید کی تھی۔
اس سے قبل 3 دسمبر کو سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرلیا گیا تھا۔
سربیا میں پاکستانی سفارت خانے نے اپنے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو ٹویٹ کی اور اس کے ساتھ لکھا ’مہنگائی سارے پچھلے ریکارڈ توڑ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان آپ کب تک امید رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے اور ہمارے بچے فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔‘
’کیا یہ نیا پاکستان ہے؟‘

شیئر: