Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی میں خاتون کی نازیبا تصاویر شیئر کرنے پر ملزم کو 13 سال قید

ملزم پر نازیبا تصاویر بنا کر پھیلانے اور بلیک میلنگ سے رقم ہتھیانے کا الزام تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں انسداد الیکٹرانک کرائم (پیکا) کے قانون کے تحت ایک اور ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سخت سزا سنائی گئی ہے۔
راولپنڈی کے سینیئر سول جج (کریمینل ڈویژن) قذافی بن زائر نے خاتون کی نازیبا تصاویر بنا کر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلانے اور بلیک میلنگ سے رقم ہتھیانے پر ملزم یوسف ایوب کو مجموعی طور پر 13 برس قید کی سزا دی ہے۔
ملزم یوسف ایوب کے خلاف 24 نومبر 2019 کو راولپنڈی کی رہائشی خاتون نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو درخواست دی تھی جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔
خاتون نے درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ ملزم یوسف ایوب نے ملازمت کا اشتہار دیا تھا جس پر ان سے رابطہ ہوا۔ ’اس دوران ملزم نے چار لاکھ روپے بھی لیے اور کچھ عرصہ بعد ان کی نازیبا تصاویر بنا کر واٹس ایپ پر بھیجیں اور بلیک میل کیا۔‘
ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں خاتون نے کہا تھا کہ ملزم نے نازیبا تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلا کر ان کی عزت اور نیک نامی کو نقصان پہنچایا۔
عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ایف آئی اے کے سب انسپکٹر میاں عرفان جاوید نے لاہور کے رہائشی ملزم یوسف ایوب کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے موبائل فون سے مواد برآمد کیا جس کا فرانزک کرایا گیا۔
عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر ملک سکندر زمان نے دلائل کے دوران بتایا کہ ملزم کے موبائل فون کے فرانزک آڈٹ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اس نے کئی دیگر خواتین کو بھی بلیک میل کیا۔
دو برس کے دوران استغاثہ عدالت میں ملزم کے خلاف اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہا جس پر یوسف ایوب کو پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کی پانچ مختلف دفعات کے تحت چار مختلف سزائیں سنائی گئی ہیں۔

استغاثہ دو سال کی عدالتی کارروائی میں اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہوا۔ فوٹو: سکرین گریب

فیصلے کے مطابق یوسف ایوب کو پیکا ایکٹ کی شق 14 کے تحت دو سال قید سخت اور 40 ہزار جرمانہ، ایکٹ کی سیکشن 20 کے تحت تین سال قیدِ سخت اور 40 ہزار جرمانہ، پیکا سیکشن 21 کے تحت پانچ سال قید اور 40 ہزار جرمانہ جبکہ سیکشن 24 کے تحت تین سال قید اور 40 ہزار جرمانہ کیا گیا ہے۔
یوسف ایوب کی سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی اور جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ان کو مزید ایک ماہ کی قید کاٹنا ہوگی۔

شیئر: