Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانس لینے میں دشواری کے سبب شاہنواز دھانی کی سرجری

نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا ہے وہ اب اچھا محسوس کررہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو سانس لینے میں تکلیف کے سبب ناک کے آپریشن سے گزرنا پڑا ہے۔
سوموار کی شب اپنی ایک ٹویٹ میں شاہنواز دھانی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہیں کافی عرصے سے ناک کی ہڈی بڑھ جانے کے سبب سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں ایک آپریشن کروانا پڑا۔
اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم اور خاندان کے مشورے کے بعد میں نے یہ سرجری کروا لی ہے۔
’الحمدللہ، اچھا محسوس کررہا ہوں۔‘
ان کے آپریشن کا سن کر فاسٹ بولر کے مداح انہیں آرام کا مشورہ اور جلد صحت یابی کی دعائیں دے رہے ہیں۔
ارسلان جاگ نامی صارف نے لکھا کہ ’اس آپریشن کے بعد اگلے 24 گھنٹے گزارنا بہت مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ میں خود اس مرحلے سے گزر چکا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ناک مکمل بند ہوجاتی ہے اور آنکھوں سے مسلسل پانی آتا ہے۔‘
’آپ کی جلد صحت یابی کے لیے بہت ساری دعائیں۔‘
شاہنواز دھانی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بحیثیت ریزرو کھلاڑی حصہ تھے اور کوئی میچ نہ کھیلنے کے باوجود دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں سے میل ملاپ بڑھانے اور اچھا اخلاق دکھانے پر لوگوں میں انتہائی مقبول ہوئے تھے۔
قادر خواجہ نامی صارف نے انہیں ’پاکستانی ٹیم کا وزیر خارجہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ شاہنواز دھانی جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔
شاہنواز دھانی پاکستان کی جانب سے اب تک دو ٹی20 میچ کھیل کر دو وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے لیے اپنا ڈیبیو پچھلے ماہ بنگلہ دیش کے خلاف کیا تھا۔

شیئر: