Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہنواز دھانی کا لاڑکانہ میں شاندار استقبال، ’پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا‘

پاکستان سپر لیگ 6 میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے فتوحات کے جھنڈے گاڑ کر کئی ایوارڈز اپنے نام کرنے والے ملتان سلطان کے شاہنواز دھانی سنیچر کو اپنے آبائی شہر لاڑکانہ پہنچے جہاں شہریوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہنواز دھانی نے کہا کہ ’اللہ تعالی نے ماں، باپ اور سندھ کے لوگوں کی دعاؤں سے مجھے اس مقام پر پہنچایا ہے۔ یہ میرا پی ایس ایل میں پہلا سال تھا اور میں بیسٹ بولر بن کر آیا ہوں۔ سب سے بڑی بات کہ ملتان سلطانز کو چیمپئن بنا کر گاؤں آیا ہوں۔‘
’میرے لیے فخر کی بات ہے کہ اپنی ٹیم کو میچ جتوایا اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔ یہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں۔‘
شاہنواز دھانی کا کہنا تھا کہ ’میری عمر 22 سال ہے۔ میں نے ابھی بہت سی چیزیں سیکھنی ہیں۔ ابھی مجھے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ ایسے پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔‘
شاہنواز دھانی کی آمد پر شہریوں نے پھول نچھاور کرکے اور نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔
شاہنواز کی آمد سے قبل لاڑکانہ سے ان کے آبائی گاؤں صاحب خان دھانی تک مختلف  راستوں پر استقبالیہ کیمپس لگائے  گئے تھے.
شاہنواز دھانی کو قافلے کی صورت میں شہر کے مختلف راستوں کے گشت کے بعد آبائی گاؤں صاحب خان دھانی پہنچایا گیا۔
راستوں پر شاہنواز کی تصاویر سے مزین پینا فلیکس بھی آویزاں کیے گئے تھے۔

شیئر: