Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرنلڈ شوازنیگر اور مریا شرائیور کی 10 برس بعد طلاق

آرنلڈ شوازنیگر اور مریا شرائیور کی شادی 1986 میں ہوئی تھی (فائل فوٹو: اے پی)
امریکی صحافی مریا شرائیور نے ہالی وڈ سٹار اور سابق سیاست دان آرنلڈ شوازنیگر کے ساتھ اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ 10 برس قبل کرلیا تھا اور اب ان کی طلاق حتمی طور پر ہوگئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے عدالت کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جج نے طلاق کو حتمی شکل دے دی۔
ایکشن سٹار آرنلڈ شوازنیگر اور ایوارڈ یافتہ صحافی مریا شرائیور کی شادی 1986 میں ہوئی تھی۔
تاہم آرنلڈ شوازنیگر نے شادی کے دوران ایک دن انکشاف کیا تھا کہ وہ گھر کے سٹاف کی ایک رکن کے بچے کے والد ہیں جس کے بعد 2011 میں مریا شرائیور نے طلاق کی درخواست دائر کردی تھی۔
اس انکشاف کے بعد میڈیا میں ہلچل مچ گئی تھی لیکن دونوں نے عدالت میں یا لوگوں کے سامنے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کیے بغیر طلاق کے معاملات کو خاموشی سے انجام دیا۔
تاہم یہ بات اب تک واضح نہیں کہ طلاق کے عمل میں اتنا وقت کیوں لگا ہے۔ دونوں کے درمیات مالی معاملات کو بھی سامنے نہیں لایا گیا ہے۔
آرنلڈ شوازنیگر اور مریا شرائیور کے چار بچے ہیں جو سب بڑے ہوگئے ہیں اور کون کس کے ساتھ رہے گا اس کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔

آرنلڈ شوازنیگر نے اعتراف کیا تھا کہ گھر کے ایک سٹاف ممبر سے ان کی ایک اولاد ہوئی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سیٹلمنٹ کے کاغذات کے مطابق دونوں میں سے کسی پر بھی ایک دوسرے کی ذمہ داری اٹھانا لازمی نہیں ہے، لیکن دونوں مستقبل میں اسے عدالت کے ذریعے حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
 دونوں کے وکلا کو معاملے پر کمنٹ دینے کے لیے پیغام بھیجا گیا تھا جس کا جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ آرنلڈ شوازنیگر نے باڈی بلڈر کے طور پر کامیاب کیریئر کے بعد ’ٹرمینیٹر‘ جیسی فلموں میں ایکشن رولز ادا کر کے خطیر رقم کمائی ہے۔
انہوں نے سیاست کی دنیا کا بھی تجربہ حاصل کیا ہے۔
کیلی فورنیا میں اس وقت کے گورنر گرے ڈیوس کے دور میں ریاست معاشی مسائل اور بجلی کی بندش سے دو چار تھی۔ اس کے بعد ووٹروں نے 2003 کے انتخابات میں آرنلڈ شوازنیگر کو گورنر منتخب کیا تھا۔

2011 میں مریا شرائیور نے طلاق کی درخواست دائر کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت آرنلڈ شوازنیگر نے اپنے فلمی کیریئر کو ایک طرف رکھ کر دو مرتبہ گورنر کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
اس عہدے سے ہٹنے کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ 1990 کے اواخر میں گھر کی ایک سٹاف ممبر سے ان کی ایک اولاد ہوئی تھی جس کی عمر اب 24 سال اور نام جوزف بائینا ہے۔
اس کے بعد 2011 میں مریا شرائیور نے طلاق کی درخواست دائر کردی تھی۔
واضح رہے کہ جس وقت آرنلڈ شوازنیگر نے گورنر کا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا، اس دور میں مریا شرائیور کو این بی سی کے شو ’دیٹ لائن‘ سے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔
تاہم جب انہوں نے گورنر کا عہدہ چھوڑا تو مریا شرائیور ایک بار پھر ٹی وی کی طرف لوٹ گئیں۔

شیئر: