موسلادھار بارش کے باعث مشرقی ریجن کے سکول بند
’موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج اتوار کو آن لائن تدریس ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ تعلیم مشرقی ریجن نے موسلادھار بارش اور غیر یقینی موسم کے باعث آج تمام سکولوں میں تعلیمی عمل معطل کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے ریجن میں آج بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کل ہفتے اور جمعہ کو بھی تیز بارش ہوئی تھی۔
محکمہ تعلیم کی طرف سے سکولوں کے پرنسپل کو موصول ہونے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ’موسلادھار بارش کے باعث ریجن کے مختلف شہروں میں پانی جمع ہے‘۔
’نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کی سی کیفیت ہے جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کی حاضری خطرے سے خالی نہیں ہوسکتی‘۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج اتوار کو آن لائن تدریس ہوگی‘۔
دوسری طرف جبیل محکمہ تعلیم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ’آج اتوار کو مڈل اور ہائی سکولوں میں آن لائن تعلیم ہوگی‘۔