Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ملک تباہی کی جانب گامزن ہے‘، سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک مستعفی

سوڈان میں فوج کے اقتدار میں شرکت کے خلاف عوامی احتجاج جاری ہے۔ فوٹو: روئٹرز
سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو سوڈان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر عبداللہ حمدوک نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں نے ملک کو تباہی کی جانب جانے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی۔‘
عبداللہ حمدوک نے کہا کہ ’سیاسی قوتوں میں دھڑے بندی اور عبوری دور میں عناصر (فوجی اور سویلین) کے درمیان تنازعے کے دوران اتفاق رائے کے حصول کے لیے سب کچھ کیا مگر یہ نہ ہو سکا۔‘
عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک ایسے خطرناک حالات کی جانب بڑھ رہا ہے کہ جس سے اس کا وجود برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ سوڈان میں فوجی اقتدار عبوری انتظامیہ کو منتقل کیا گیا تھا مگر گزشتہ برس اکتوبر کے اختتام پر فوج نے ایک بار پھر ملک کا کنٹرول حاصل کر کے سیاسی قیادت کو حراست میں لے لیا تھا۔
عالمی دباؤ بڑھنے پر سوڈان کی فوج نے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کی حکومت بحال کر دی تھی تاہم عام شہریوں کی جانب سے احتجاج جاری ہے اور فوج کو اقتدار سے مکمل طور پر بے دخل کرنے کی تحریک جاری ہے۔

شیئر: