Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چھ فٹ 8 انچ‘ قد کے حامل پاکستانی فاسٹ بولر کے چرچے

محمد ذیشان انڈر19 ٹیم کا حصہ ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان میں سوشل ٹائم لائنز پر ایک ایسے نوجوان بولر کا چرچا ہے جو مبینہ طور پر چھ فٹ آٹھ انچ قد کا حامل ہے۔
محمد ذیشان کی بولنگ سے متعلق ایک مختصر ویڈیو شیئر کرنے والوں کے مطابق ان کا تعلق پاکستان کے شہر فیصل اباد کے ایک گاؤں سے ہے اور وہ اس وقت پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہیں۔
محمد ذیشان کا ذکر کرتے ہوئے یہ دعوی بھی کیا گیا کہ طویل القامت بولر پاکستان کی انڈر19 کی جانب سے آئندہ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کی جانے والی ایک مختصر ویڈیو میں واضح ہے کہ وہ یکے بعد دیگرے تین بولز کراتے ہیں لیکن ان کے سامنے وکٹ پر موجود بلے باز بے بسی کی عملی تصویر بنے دکھائی دیتے ہیں۔
اونچے قد کے پاکستانی بولر سے متعلق تبصرہ کرنے والوں نے جہاں ان کی بولنگ کو سراہا وہیں وکٹوں کے عقب میں موجود وکٹ کیپر حسیب اللہ خان کی کارکرگی کو بھی پسند کیا۔ انڈر 19 ٹیم کے وکٹ کیپر نہ صرف عمدہ بلے بازی کرتے ہیں بلکہ سپن بولر بھی ہیں۔
محمد ذیشان کو پاکستان کی کرکٹ میں موجود نامور فاسٹ بولرز کا تسلسل قرار دینے والوں کو یقین ہے کہ وہ اپنے سامنے موجود بلے بازوں کے لیے ڈراؤنا خواب رہیں گے۔
نوجوان بولر کی ویڈیو شیئر کرنے والوں نے کرکٹ سے وابستہ شخصیات کو ان کی جانب متوجہ کیا تو امید ظاہر کی کہ وہ جلد اہم ٹیموں کا حصہ ہوں گے۔
احمد چیمہ نے پی ایس ایل فرنچائزز سے وابستہ شخصیات کو مینشن کرتے ہوئے درخواست کی کہ انہیں منی ڈرافٹ میں منتخب کیا جائے۔ اپنے تبصرے میں انہوں نے مزید لکھا کہ شعیب اختر کے باؤنسرز جیسی کیفیت دکھائی دے رہی ہے۔

سابق انگلش کرکٹر اور فاسٹ بولنگ ٹیکنیشن آئن پونٹ نے محمد ذیشان کی بولنگ کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں سراہا تو ان کے انداز میں موجود تکنیکی طاقت کی نشاندہی کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ وہ بھرپور امکانات رکھتے ہیں۔

ایک الگ ٹویٹ میں سابق انگلش فاسٹ بولر نے محمد ذیشان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
محمد ذیشان کی بولنگ پر تبصرہ کرنے والوں نے ان کی سپیڈ اور ریورس سوئنگ کو مستقبل میں ٹیم کا اثاثہ قرار دیا تو کچھ صارفین برطانوی کرکٹ کلبز کو مینشن کرتے ہوئے انہیں طویل القامت بولر کی جانب متوجہ کرتے رہے۔

شیئر: