Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں داعش کا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، چھ عسکریت پسند ہلاک

سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبہ بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے میں داعش کی جانب سے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سنیچر کو معتبر معلومات موصول ہوئی تھیں کہ اصغر سمالانی نامی ایک دہشت گرد دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس پر واقع قبرستان میں موجود ہے جہاں سے وہ شہر میں ایک حساس تنصیب پر حملہ کرنے کے لیے جا رہے تھے۔‘
بیان کے مطابق معلومات ملنے پر سی ٹی ڈی ٹیم مذکورہ مقام پر پہنچی اور عسکریت پسندوں کو گھیرے میں لینے پر انہیں ہتھیار ڈالنے کا کہا۔ جواب میں عسکریت پسندوں نے بلا امتیاز فائرنگ کی اور سی ٹی ڈی ٹیم کی جانب گرینیڈ پھینکے۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’فائرنگ کے تبادلے میں اصغر سمالانی سمیت چھ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار سے پانچ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے باقی دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔‘
بیان کے مطابق تمام عسکریت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے۔
نیٹ ورک کے باقی ارکان کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز ہو گیا ہے۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے ریڈز کا امکان ہے۔

شیئر: