Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور کا ’بریک اپ‘ ہوگیا ہے؟

ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور ایک طویل عرصے تک اپنے رشتے کو چھپاتے رہے ہیں (فوٹو: ارجن کپور انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑا اور اداکار ارجن کپور کے درمیان دوستی اور پھر تعلقات کی خبریں تو ایک عرصے سے گردش کر رہی ہیں لیکن اب یہ افواہیں گرم ہیں کہ بالی وڈ کی اس ’رومانٹک‘ جوڑی کی راہیں جدا ہو گئی ہیں۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور جو کچھ ہی عرصہ پہلے ایک دوسرے کے ساتھ پُرفضا مقام پر چھٹیاں گزار رہے تھے اب ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ دونوں کے درمیان ’سب کچھ اچھا نہیں چل رہا۔‘
رپورٹس کے مطابق ملائیکہ پچھلے چھ دنوں سے گھر سے باہر نہیں نکلی ہیں اور آئسولیشن میں ہیں جس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ’بریک اپ‘ سے دلبرداشتہ ہیں۔
اسی لیے اداکارہ نے کچھ وقت کے لیے لوگوں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ارجن کپور کو ریا کپور کے گھر ڈنر پر دیکھا گیا اور یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملائیکہ کا گھر ریا کپور کے نزدیک ہونے کے باوجود ارجن ان سے ملنے نہیں گئے۔
ملائیکہ جو اکثر فیملی ڈنرز میں ارجن کپور کے ہمراہ نظر آتی ہیں وہ بھی اس کھانے کی دعوت پر موجود نہیں تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملائیکہ اروڑا نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر گھر سے باہر نکلنا بہت محدود کر دیا ہے اور وہ کچھ دن سے آئسولیشن میں ہیں لیکن اس سب کا ارجن کپور کے ساتھ ان کے تعلقات سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔
ارجن کپور کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا حتیٰ کہ اپنے خاندان کے قریبی افراد سے ملنا جلنا بھی بند کر دیا تھا تاہم دو ہفتے بعد ارجن کپور کا کووڈ ٹیسٹ منفی آ گیا تھا۔
ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور ایک طویل عرصے تک اپنے رشتے کو چھپاتے رہے ہیں لیکن کچھ سال پہلے ہی دونوں نے کھل کر اس حوالے سے بات کی۔ ملائیکہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اکثر اپنی ارجن کپور کے ساتھ تصاویر بھی اپلوڈ کرتی رہتی ہیں۔ 

شیئر: