Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی کونسل کا حوثیوں سے اماراتی جہاز کو فوری طور پر چھوڑنے کا مطالبہ

حوثیوں نے 3 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے کارگو جہاز روابی کو ہائی جیک کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف ہی)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر حوثیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے بحری جہاز کو اغوا کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سلامتی کونسل نے جمعے کو یمن کے شہر حدیدہ کی بندرگاہ کے قریب حوثیوں کی جانب سے اماراتی پرچم بردار کارگو بحری جہاز روابی کو ہائی جیک کرنے کی شدید مذمت کی۔‘
خیال رہے کہ حوثیوں نے 3 جنوری کو متحدہ عرب امارات کے کارگو جہاز کو ہائی جیک کرلیا تھا۔
برطانیہ کی جانب سے تیار کیے گئے مسودے میں بحری جہاز کو چھوڑنے اور عملے کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مسودے میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی، بحری جہاز کے عملے کی حفاظت اور سلامتی کو بھی یقینی بنائیں۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے زور دیا کہ یہ مسئلہ جلد حل کیا جائے اور خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق بحری جہازوں کی آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔
امارات کا روابی نامی جہاز یمن کے قریب سوکوٹرا جزیرے سے سعودی عرب میں جازان بندر گاہ تک ایک ہسپتال سے آلات لے کر آرہا تھا۔ جزیرے پر یہ ہسپتال سعودی عرب نے قائم کیا تھا۔
اس کارگو جہاز میں ایمبولینس، طبی آلات، ٹیلی کمیونیکیشن کی ڈیوائس، خیمے، کچن کا سامان اور کچھ تکنیکی اشیا موجود تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عرب اتحاد نے پیر کو کہا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے ہائی جیک کیے گئے متحدہ عرب امارات کے کارگو جہاز کو فوری طور پر چھوڑا جائے ورنہ ضرورت پڑنے پر ’طاقت کا استعمال‘ کیا جائے گا۔

برطانیہ کی جانب سے تیار کیے گئے مسودے میں بحری جہاز کو چھوڑنے اور عملے کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے بھی متحدہ عرب امارات کے کارگو جہاز کی ہائی جیکنگ کی شدید مذمت کی تھی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ  یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور جہاز اور اس کے عملے کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

شیئر: