Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگی مشقوں کے دوران امریکی فائٹر جیٹ گر کر تباہ، سات اہلکار زخمی

جنوبی چین کے سمندر میں امریکہ کے دو طیارہ بردار بحری جہاز جنگی مشقیں کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی
امریکہ کا ایک جنگی جہاز جنوبی چین کے سمندر میں اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب وہ مشقوں کے دوران نیوی کے جہاز پر لینڈنگ کر رہا تھا۔ اس حادثے میں سات اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو امریکی فوج نے بتایا کہ نیوی کا ایف 35 سی لائٹننگ ٹو جیٹ یو ایس ایس کارل ونسن کے عرشے پر اترتے ہوئے ٹکرایا تاہم پائلٹ بروقت جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔
امریکہ کے ساتویں بیڑے کے ترجمان لیفٹیننٹ مارک لانگفورد نے بتایا کہ جہاز سمندر میں گر گیا تاہم پائلٹ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچا لیا گیا۔
امریکہ بحریہ نے بتایا کہ پائلٹ سمیت سات اہلکار اس حادثے میں زخمی ہوئے جن میں سے چار کو بحری جہاز پر ہی طبی امداد دی گئی جبکہ تین کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
مارک لانگفورڈ نے بتایا کہ اس حادثے کی تفصیلات کی ابھی تصدیق کی جا رہی ہے جس میں کروڑوں ڈالر مالیت کا جنگی جہاز تباہ ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'سمندر میں گرنے والے جہاز کو نکالنے کے لیے ابھی کام جاری ہے اور معاملے کی انکوائری ہو رہی ہے۔' 
چین کی جانب سے تائیوان کے قریب سمندر میں اپنی حدود کے دعوے کے بعد امریکی بحریہ کے دو طیارہ بردار جہاز جنگی مشقیں کر رہے ہیں جن میں 1400 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

شیئر: